رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران احترام رمضان پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنایا جائیگا ، ڈپٹی کمشنر رشید زرداری

جمعہ 19 اپریل 2019 00:15

ٹنڈوالہیار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار رشید احمد زرداری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران احترام رمضان پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلے میں روزمرہ کے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں کو مکمل کنٹرول میں رکھا جائیگا، مساجدکے راستوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائی گی۔

یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں احترام رمضان پر عمل درآمدکے سلسلے میں منعقد کئے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علما ئ اکرام، ایس ایس پی ٹنڈوالہیار رخسار احمد کھاوڑ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہیار عبدالحفیظ لغاری، تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنروں، وائیس چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوالہیار و دیگر افسران اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار نے کہا کہ روزمرہ کی اشیاء گوشت، سبزی، فروٹ و دیگر اشیاء کی فروخت پرکڑی نظر رکھی جائے گی اور زیادہ قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائی گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک شکایتی سیل بھی قائم کیا جائے گا اور شکایات کا ازالہ کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار رخسار احمد کھاوڑ نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی آسانی کے لئے ضلع میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بجلی کی رسد کے سلسلے میں کسی بھی خلل یا نقص ہونے کی صورت میں بھرپور مدد کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار نے کہا کہ احترام رمضان کے سلسلے میں غیر قانونی ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں ضلع کاؤنسل بھی اپنے اختیارات استعمال کرے گی۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے احترام رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں