گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کی بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں ،ڈپٹی کمشنر ٹنڈو الہیار کی ٹیموں کو ہدایت

جمعہ 11 اکتوبر 2019 18:56

ٹنڈوالہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیارشید احمد زرداری نے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز اور فیلڈ کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ 04 نومبر 2019سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کی بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پانچ سال اور اس سے کم عمرکا کوئی بچہ قطرے پلانے سے رہ نہ جائے اور تمام وسائل بروئے کار لا کر اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنایا جائے۔

یہ ہدایت انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفیس ٹنڈوالہیار کے کانفرنس ہال میں 04 سے نومبر2019تک جاری رہنے والی پولیو سے بچاؤ کی قومی مہم کے سلسلے میں ضلعی پولیو اریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہیار عبدالحفیظ لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹنڈوالہیار عبدالباسط ہکڑو، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈولہیار شبیر جسکانی،اسسٹنٹ کمشنرچمبڑ سونو خان چانڈیو، اسسٹنٹ کمشنر جھنڈومری سلیم الدین میمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انور قادر میمن، اور تعلیم،لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیارنے کہا کہ اس معاشرے سے پولیو کی بیماری کامکمل خاتمہ ایک قومی مقصد ہے اور ہمیں یہ فریضہ عبادت سمجھ کر پورا کرنا چاہئے اور ہم سب کوقومی جذبے کے ساتھ اس مہم کا حصہ بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس مہم کی نگرانی کرینگے اور کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو ڈاکٹر عبدالشکور جروار نے بتایا کہ 05 سے 07نومبر2019تک جاری رہنے والی اس مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے سلسلے میں 01 نومبر 2019 کو ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیاررشید احمد زرداری نے کہا کہ پولیو کی بیماری اور اس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی اور شعور بڑھانا وقت کی ضرورت ہے اور ا س سلسلے میں فیلڈ اسٹاف کی تربیت، مربوط منصوبہ بندی اور حکمت عملی کی ضرورت پر خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران درپیش تمام مشکلات و مسائل کو حل کیا جائے گاتاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے بچا یا جا سکے۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں