ٹنڈوالہ یار میں کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردہ انسداد پولیو مہم 4 ماہ بعد دوبارہ 17 سے 20 اگست تک چلائی جائے گی

بدھ 5 اگست 2020 19:07

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) ٹنڈوالہ یار میں کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردہ انسداد پولیو مہم 4 ماہ بعد دوبارہ 17 سے 20 اگست تک چلائی جائے گی اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر رشید احمد زرداری کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہ یار عبدالحفیظ لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹنڈوالہ یار عمیرجروار،اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوالہ یار سونو خان چانڈیو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹنڈوالہ یار ڈاکٹر لچھمن داس، ایم ایس سول ہسپتال ٹنڈوالہ یار ڈاکٹر محمد ابراھیم پرھیاڑ، تعلیم، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار رشید احمد زرداری نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انسداد پولیو مہم مارچ 2020 سے روک دی گئی تھی جو کہ رواں ماہ17 سے 20 اگست تک چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز اور فیلڈ کے عملے کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کی بیماری سے بچا کے قطرے پلائے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پانچ سال اور اس سے کم عمرکا کوئی بچہ قطرے پلانے سے رہ نہ جائے اور تمام وسائل بروئے کار لا کر اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنایا جائے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس معاشرے سے پولیو کی بیماری کامکمل خاتمہ ایک قومی مقصد ہے اور ہمیں یہ فریضہ عبادت سمجھ کر پورا کرنا چاہئے اور ہم سب کوقومی جذبے کے ساتھ اس مہم کا حصہ بننا چاہئے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو نے بتایا کہ 17 سے 20اگست تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران ضلع بھر میں 168746بچوں کو پولیو کی بیماری سے بچا کے قطرے پلائے جائینگے اور اس فرض کی ادائیگی کے لئے 414 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ8 تعلقہ سپروائیزر اور 30 یوسی میڈیکل آفیسر اس مہم کی نگرانی کرینگے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے سلسلے میں 13 اگست کو ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا جائے گا ، رشید احمد زرداری نے کہا کہ کورونا وائرس اور پولیو کی بیماری اور اس سے بچا کے بارے میں آگاہی اور شعور بڑھانا وقت کی ضرورت ہے اور ا س سلسلے میں فیلڈ اسٹاف کی تربیت، مربوط منصوبہ بندی اور حکمت عملی کی ضرورت پر خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران درپیش تمام مشکلات و مسائل کو حل کیا جائے گاتاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے بچا یا جا سکے۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں