ٴافسران محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کو قائم رکھیں ،ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار

جمعرات 13 اگست 2020 23:41

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یاررشید احمد زرداری نے ضلع بھر کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عشرہ محرم الحرام 2020 کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کو قائم رکھنے، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں اور مجالس کے دوران اسٹریٹ لائٹس و دیگر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام خاص طور پر عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بنائی گئی ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما ئ اکرام سے اپیل کی کہ وہ عشرہ محرم الحرام کے دوران آپس میں بھائی چارہ، ایثار، رواداری اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور جلسے و جلوسوں کے دوران شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو فوری طور پر قابو میں لایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس ٹنڈوالہ یار کے کانفرنس ہال میں عشرہ محرام الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار رخسار احمد کھاوڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہیار عبدالحفیظ لغاری،ڈی ایس آر پاکستان رینجرز ممتاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرٹو ٹنڈوالہیار عمیرجروار،ڈی ایس پی سٹی ٹنڈوالہ یار سید عرفان علی شاہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوالہ یار سید امداد علی شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹنڈوالہیار تینوں تعلقوں ٹنڈوالہ یار، چمبڑ اور جھنڈومری کے اسسٹنٹ کمشنر،محکمہ صحت، حیسکو، بلدیات و متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران کے علاوہ تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علمائ اکرام نے شرکت کی۔

رشید احمد زرداری نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے دوران ڈ اکٹر ز، ایمبولینس او ر ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے حیسکوٹنڈوالہ یار کے افسران کو ہدایت کی کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران رات کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوڈشیڈنگ کا شیڈول ترتیب دیا جائے۔ اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار رخسار احمد کھاوڑ نے بتایا کہ عشرہ محرام الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان بحال رکھنے کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کیاگیاہے۔

اس ضمن میں جلسے وجلوسوں میں پولیس کے جوان تعینات کئے جائینگے۔ انہوں نے علماء اکرام سے اپیل کی کہ اس عشرہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے دے گئے اوقات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور انہوں نے ضلع کی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس عشرہ محرم الحرام میں کروناوائرس کے پھیلاؤ اور اس سے بچاؤ کیلئے حکومت کی جانب سے بنائی گئی ایس اوپیز پر عمل کرنے میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور شرپسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھیں۔

اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوالہیار سید امداد علی شاہ رضوی نے بتایا کہ ماتمی جلسے اور جلوسوں کی گذرگاہوں پر صفائی ستھرائی کے مؤثر ترین اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر تمام علمااکرام نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عشرہ محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں