سندھ کے موجودہ حکمرانوں نے عوام کو جھوٹے نعروں اور من گھڑت دعوئوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا،ارباب غلام رحیم

مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، غریب عوام مہنگائی کے بوجھ تلے ایک وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں، سابق وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 18 جون 2021 12:44

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) سابق وزیر اعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ سندھ کے موجودہ حکمرانوں نے عوام کو جھوٹے نعروں اور من گھڑت دعوئوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، غریب عوام مہنگائی کے بوجھ تلے ایک وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاکستان تحریک انصاف ضلع ٹنڈومحمدخان کے رہنما ایڈوکیٹ عبدالجبار میمن سے ان کے والد سینئر وکیل عبدالحکیم میمن کے انتقال پر ان سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

ڈاکٹر ارباب عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ کے کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے غریب عوام کو کوئی بھی ریلیف نہیں مل رہا ہے اور پیش کیا جانے والا بجٹ عوام دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے ،سندھ میں بحریہ ٹائون منصوبہ اور دیگر منصوبے بنانے کے لئے سازشیں کی جارہی ہیں تاکہ مقامی لوگوں کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ میں پانی کی قلت کی وجہ سے زراعت تباہ و برباد ہو رہی ہے اور آبادگاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑھ رہا ہے جب کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی بے انتہابڑھ گئی ہے غریب عوام روزبروز مزید غریب ہوتی جارہی ہے جب کہ سرمایہ دار طبقہ امیر سے امیر تر ہوتا جا رہا ہے اس موقع پر ارباب یاسین سموں ، لالا حسن خان پٹھان ، اسماعیل وسان ، راجا نوناری اور دیگر بھی موجود تھے

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں