ٹنڈو محمد خان: نئی گونی نہر میں 30 فٹ گہرا شگاف پڑگیا ،

ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور کئی گائوں زیر آب آ گئے

ہفتہ 18 اگست 2018 16:17

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) ٹنڈو محمدخان کے قریبی گائوں گل ساندھ کے قریب نئی گونی نہر میں 30 فٹ گہرا شگاف پڑ گیا، جس کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور کئی گائوں زیر آب آ گئے ، اطلاع ملنے کے باوجود محکمہ آبپاشی کا عملہ کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچا ، گائوں والوںاور محکمہ آبپاشی کے عملے نے مل کر دس گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد شگاف کو بند کیا ، جبکہ ڈائریکٹر آبپاشی میر غلام علی ٹالپر، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر پیر معصوم جان سرہندی اور دیگر افسران نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لگنے والے شگاف کا معائنہ کیا اس موقع پر ڈائریکٹر محکمہ آبپاشی میر غلام علی ٹالپور ، پھلیلی انجنیئر طارق کیہر ، ایس ڈی او شمس سومرو اور دیگر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو محمد خان کے پھلیلی نہر سے نکلنے والی مختلف نہروں ٹنڈو سائینداد، نئی گونی،ڈوڈ و واہ سمیت مختلف نہروں کی پشتیں نہایت کمزور ہیں اور پانی کا بہائو بہت زیادہ ہے، اگر پشتوں کی پچنگ جلد از جلد نہیں کرائی گئی تو کسی بھی وقت شگاف پڑنے کا اندیشہ ہے، اور شگاف پڑنے کے باعث جانی و مالی نقصان ہو سکتاہے، انہوں نے پشتوں کو مضبوط کرانے کے لئے ضلعی افسران کو احکامات جاری کئے تاکہ جلد سے جلد یہ کا م مکمل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں