نواز شریف ، مریم اور ان کے شوہر پر فرد جرم عائد ہونا جمہوریت کیلئے خطرہ نہیں،بلاول بھٹو زرداری

اس ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہئے، تاکہ عوام کو پتا چلے ملک کی دولت کو کس نے لوٹا اور بیرون ملک منتقل کیا،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نیا پاکستان بنانے کی بات کرنیوالوں نے خیبرپختونخوا میں عوام کا استحصال کیا، آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے بھرپور کامیابی حاصل کریں گے پیپلزپارٹی قربانیوں سے ڈرنے والی جماعت کا نام نہیں ، بھٹو خاندان نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،کارڈیو ہسپتال کے افتتاح اور دیوالی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:50

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف ،مریم نواز اور ان کے شوہر پر فرد جرم عائد ہونا جمہوریت کے لئے خطرہ نہیں، اس ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہئے، تاکہ عوام کو پتا چلے کہ ملک کی دولت کو کس نے لوٹا اور بیرون ملک منتقل کیا۔ پیپلزپارٹی قربانیوں سے ڈرنے والی جماعت کا نام نہیں ، بھٹو خاندان نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے غریب عوام اور جمہوریت کی جنگ لڑی، نواز شریف نے ہر دئور میں جمہوریت کو نقصان پہنچایا، نیا پاکستان بنانے کی بات کرنے والوں نے خیبرپختونخوا میں عوام کا استحصال کیا، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی پورے ملک سے بھرپور کامیابی حاصل کریگی اور عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کریگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو ٹنڈومحمد خان میں 53 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈیو کیئر ہسپتال کے افتتاح اور ہندو برادری کی دیوالی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت بھٹو خاندان نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر بھی غریب عوام اور جمہوریت کی جدوجہد کی، سندھ حکومت کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے ، سندھ میں میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے، جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائینگے، پیپلزپارٹی جب جب اقتدار میں آئی عوام کو روزگار دیا،انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا، احتساب عدالت کی جانب سے مریم نواز اور ان کے شوہر پر فرد جرم عائد ہونا جمہوریت کے لئے خطرہ نہیں، اس ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہئے، تاکہ عوام کو پتا چلے کہ ملک کی دولت کو کس نے لوٹا اور بیرون ملک منتقل کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خواتین کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا، بلک خیبرپختونخواہ میں خواتین بل پیش کر کے خواتین کے حقوق پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی گئی، آئندہ انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دیگی اور پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر عوامی مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریگی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان میں ایم این اے سید نوید قمر کی کاوشوں سے تعمیر ہونے والا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈیو ہسپتال ضلع ٹنڈو محمد خان سمیت گردو نواح کے اضلاع بدین، مٹیاری،سجاول و دیگر علاقوں کی عوام کو علاج کی سہولتیں فراہم کریگا، جلد ٹنڈو محمد خان میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے جدید فلٹر پلانٹ لگایا جائیگا تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آ سکے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ٹنڈو محمد خان آمد کے موقعے پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کئے جانے کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری کی تمام گذرگاہوں پر واقع دکانوں کو صبح سے ہی بند کروا دیا گیا تھا۔ اس موقعے پر ان کے ہمراہ ایم این اے سید نوید قمر، وزیر اعلیٰ کے سابق مشیر سید قاسم نوید قمر، ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری، سینیٹر عاجز دھامرا، ایم پی اے عبدالکریم سومرو، سینیئر سیاستدان سید قبول محمد شاہ، حاجی امین لاکھو، ڈسٹرکٹ چیئرمین سید ذیشان شاہ، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین شیر امین لاکھو، میونسپل چیئرمین سید شاہنواز شاہ دیگر بھی موجود تھے۔

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں