وزیرِاعظم شہبازشریف کا خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعرات 4 اگست 2022 22:03

وزیرِاعظم شہبازشریف کا خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2022ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کا کام مکمل نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے، وفاقی حکومت جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی 10 لاکھ روپے مالی معاونت کر رہی ہے، خیبر پختونخوا بھی باقی صوبوں کی طرح 8 لاکھ سے بڑھا کر اس مالی امداد کو 10 لاکھ کرے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کا کام مکمل نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے، میں نے خیبر پختونخوا حکومت سے سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد بڑھانے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی 10 لاکھ روپے مالی معاونت کر رہی ہے، خیبر پختونخوا بھی باقی صوبوں کی طرح 8 لاکھ سے بڑھا کر اس مالی امداد کو 10 لاکھ کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کچے اور پکے مکانوں کی تقسیم ختم کرکے منہدم ہونے والے مکانوں کو یکساں طور پر 5 لاکھ امداد دے رہی ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو فوری طور پر امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ خیبر پختونخوا کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، سیاست سے بالا تر ہوکر ہمیں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مل کر مدد اور بحالی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے نقصان اور متاثرین کیلئے امدادی کاروائیوں کے جائزے کے لئے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں گاؤں میران اور ٹانک کا بھی دورہ کیا۔

وزیرِ اعظم کو پی ڈی ایم اے ، این ڈی ایم اے اور انتظامیہ کی طرف سے امداد اور بحالی کے کام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے مقامی لوگوں کو انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں وفاقی حکومت کے انتہائی تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی تاکہ آئندہ ایسی آفات سے روکا جاسکے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان نے وزیر اعظم کو جاری امدادی پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا جہاں متاثرین کو ضروری کھانے کی اشیاء فراہم کی گئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، امیر جمیعتِ علماءِ اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ وزیرِ اعظم نے متاثرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی فوری ہدایات جاری کیں۔

ٹانک میں شائع ہونے والی مزید خبریں