وفاقی حکومت کی طرف سے ٹانک، ڈی آئی خان اور جنوبی وزیرستان میں سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین میں معاوضے کے چیک تقسیم

جمعرات 21 جولائی 2022 16:30

ٹانک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے جمعرات کو ٹانک، ڈی آئی خان اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں حالیہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کے خاندانوں میں دس دس لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے ۔

این ڈی ایم اے نے امدادی سامان سے لدے پانچ ٹرک بھی سیلاب متاثرین میں تقسیم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیے جن میں کھانے پینے کی اشیا، خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے 500 متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کر رہی ہے۔

پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل تھا،مون سون اور زلزلوں کے دو بڑے چیلنجوں کے ساتھ پاکستان قدرتی آفات کے سب سے زیادہ اثرات رکھنے والا دنیا کا آٹھواں سرفہرست ملک تھا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے 25 سے 30 فیصد مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔جس کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے ہنگامی پلان بنایا اور صوبائی، ضلعی اور مقامی سطح پر متعلقہ محکموں کو بھی اس سلسلے میں اپنے اپنے پلان بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس بار موسمیاتی تبدیلی کے چار بڑے اشارے دیکھے گئے جن میں گرمی کے موسم کی جلد آمد اور بہار کے موسم کی کم از کم مدت شامل ہے۔ گرمی کی چار بڑی لہریں دیکھنے میں آئیں جس کے باعث مختلف علاقوں میں جنگلات میں آگ لگی ۔مون سون جلد ی شروع ہوا اور اس موسم میں مزید بارشیں ہوئیں یہاں تک کہ ان علاقوں میں زیادہ بارشیں ہوئیں جن کے ماضی میں بہت کم امکانات تھے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے حالیہ سیلاب میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خٹک کی زیرقیادت ضلعی انتظامیہ کو سیلاب کے دوران فوری ردعمل دینے پر بھی سراہا جس سے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے بھی لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور صحافیوں پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل شریف حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹانک کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے اور امدادی سامان اور معاوضے کے چیک تقسیم کرنے پر چیئرمین NDMA کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے اور لوگوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ تنہا محسوس نہ کریں کیونکہ حکومت ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے جاں بحق افراد کے ورثا میں 80 لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کیے ہیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ٹانک حمید اللہ خٹک نے NDMA اور PDMA کے حکام کو حالیہ سیلاب اور اس سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے اب تک 54 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاوضے کے چیک پانچ خاندانوں کو دیے گئے ہیں جبکہ معاوضے کی رقم دیگر متاثرہ خاندانوں کو بھی دی جائے گی۔

ٹانک میں شائع ہونے والی مزید خبریں