آئندہ دنوں میں2 بہن بھائی جیل جائیں گے، غلام سرور خان

پہلے باپ بیٹی جیل گئے، اب بہن بھائی جائیں گے، مخالفین سن لیں! حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ایک چور 10 ارب دوسرا چور 12 ارب دینے کو تیار ہے،عمران خان کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔وفاقی وزیر پٹرولیم کا عوامی اجتماع سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 10 فروری 2019 20:25

آئندہ دنوں میں2 بہن بھائی جیل جائیں گے، غلام سرور خان
ٹیکسلا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 فروری2019ء) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں2 بہن بھائی جیل جائیں گے، پہلے باپ بیٹی جیل گئے، اب بہن بھائی کی باری ہے، مخالفین سن لیں!حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ملک کے غداروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، ایک چور 10 ارب دوسرا چور 12 ارب دینے کو تیار ہے، عمران خان کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار اللہ اور عوام کی امانت ہے۔ اقتدار میں کبھی خیانت نہیں کرینگے۔ بلا تفریق سارے حلقوں میں ترقیاتی کام کروائے جائیں گے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ سیاسی مخالفین 35 سال اقتدار میں رہے۔ عوام کی خدمت کی بجائے غریب عوام کا خون چوستے رہے۔ لیکن اب ان مخالفین کا یوم حساب قریب ہے۔

(جاری ہے)

کرپٹ لوگوں کے مال مسروقہ کی نشاندہی ہو گئی، اب صرف برآمدگی باقی ہے۔ انہوں نے واضح کہا کہ آئندہ دنوں میں باپ بیٹی کی طرح دو بہن بھائی بھی جیل جائیں گے۔ ایک چور 10 ارب جبکہ دوسرا چور 12 ارب دینے کو تیار ہے۔ لیکن عمران خان کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔ نہ ڈیل ہوگی نہ ہی ڈھیل ہوگی۔غلام سرور خان نے مخالفین پر واضح کیا کہ وہ کسی مغالطے میں نہ رہیں پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے غداروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور نہ ان سے کوئی رعایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور سرکاری محکمے اپنی اصلاح کر لیں۔ کہیں سے بھی کوئی شایت موصول ہوئی تو عوامی شکایات کا سختی سے نوٹس لیں گے۔ مزید برآں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان سے پی ٹی آئی میرپورخاص کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ اندرون سندھ کے مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے ۔

غلام سرور خان نے کہا کہ سندھ نے جو محبت ہمیں دکھائی ہم اس کے شکر گزار ہیں ۔غلام سرور خان نے کہاکہ سندھ کے خلاف سازش کا مطلب پاکستان کے خلاف سازش کرنا ہے۔غلام سرور خان نے کہاکہ ہر صوبے کو اس کا حق ملے گا ۔اس موقع پر آفتاب قریشی صدر پی ٹی آئی میرپورخاص اور علی نواز شاہ ایم این اے بھی موجود تھے۔

ٹیکسیلا میں شائع ہونے والی مزید خبریں