شیخ رشید کو پی ٹی آئی ٹائیگرفورس کی ڈنڈے تیار کرتی ویڈیو نظر نہیں آئی

شیدا ٹلی کہتا کہ پرائیویٹ ملیشیا نہیں بن سکتی، یہ ٹائیگرفورس نہیں لوٹنے والے لوگ ہیں، حکومت ختم ہونے کی دیر ہے تین دنوں میں گیدڑ فورس نہ بنادی تو ہمارا بھی نام نہیں۔ صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 مارچ 2022 20:25

شیخ رشید کو پی ٹی آئی ٹائیگرفورس کی ڈنڈے تیار کرتی ویڈیو نظر نہیں آئی
ٹیکسلا (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو پی ٹی آئی ٹائیگرفورس کی ڈنڈے تیار کرتی ویڈیو نظر نہیں آئی، شیدا ٹلی کہتا کہ پرائیویٹ ملیشیا نہیں بن سکتی، یہ ٹائیگرفورس نہیں لوٹنے والے لوگ ہیں، حکومت ختم ہونے کی دیر ہے تین دنوں میں گیدڑ فورس نہ بنادی تو ہمارا بھی نام نہیں۔

انہوں نے ٹیکسلا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کی تاریخ کو دو روز آگے کیا گیا ہے۔اس کی وجہ 24 مارچ کو سپریم کورٹ میں سماعت ہونی ہے، پھر 25مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہے، لانگ مارچ 28 مارچ کو مری روڈ راولپنڈی پہنچے گا، آج یوم پاکستان ہے، پاکستان کو معرض وجود میں آئے75سال ہوگئے ہیں، اس دوران دو مرتبہ مسلم لیگ ن نے کوشش کی کہ پاکستان آگے بڑھ جائے اور پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے لیکن دونوں بارایک سازش کے تحت مسلم لیگ اور نواز شریف کو روکا گیا، دونوں بار قوم سے دھوکہ کیا۔

(جاری ہے)

ہندوستان نے 5ایٹمی دھماکے کیے توپاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ساڑھے تین سال میں ایک منصوبہ شروع نہیں کیا، اس کو بس صرف یہ کام آتا ہے کہ میں فلاں کو نہیں چھوڑوں گا، اس کو کوئی سمجھائے کہ تکبر انسان نہیں کرتا، 28جولائی کو بابا رحمتے بدبخت انسان جو کسی شادی میں جاتا ہے تو لوگ اس سے ہاتھ نہیں ملاتے اس سے نفرت کرتے ہیں، ایک سازش کے تحت نواز شریف کو نااہل کیا گیا، اور بدبخت کے ذریعے لوگوں کو سہانے خواب دکھائے گئے۔

ایک وزیر ہے کہ جو کہتا تھا عمران خان آئے گی سب کی فائل منگوائے گی، حالانکہ اس کی اپنی فائل ہر وقت عمران خان کے پاس ہوتی ہے، عمرا ن خان 200ارب ڈالر لائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک عوام کے مطالبے پر پیش کی گئی، یہ جمہوری طریقے سے مقابلہ کرے یا باعزت طریقے سے استعفا دے دے، لیکن استعفا عزت دار لوگ دیتے ہیں، یہ بے عزت اور بے شرم انسان ہے، عدم اعتماد کو کامیاب کرکے اس کو نکالیں گے،اب کہتا میں لڑائی لڑوں گا،اس نے ایک ٹائیگر فورس بنائی ہوئی ہے، وہ ڈنڈے تیار کررہے ہیں، وہ ڈنڈے لے کر آئیں ہم ان کو انہی ڈنڈوں کے اوپر کھڑا کریں گے، یہ لوگوں کو دھمکا رہا ہے، پنڈی کا شیطان شیدا ٹلی کہتا ہے کہ پرائیویٹ ملیشیا نہیں بن سکتی،اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، پارلیمنٹ لاجز پر اس نے حملہ کردیا ہے، جے یوآئی کے دو ایم این ایز کو گرفتار کرلیا گیا کہ ان کے ساتھ انصار الاسلام ہے، اب اس سے کوئی پوچھے کہ پی ٹی آئی کی ٹائیگرفورس کی ویڈیو پورے سوشل میڈیا پر چل رہی ہے، یہ ان کے حکومت میں ہونے کی وجہ سے چوچلے ہیں، حکومت ختم ہونے کی دیر ہے ٹائیگرفورس کو تین دنوں میں گیدڑ فورس نہ بنادی تو ہمارا بھی نام نہیں، کوئی ٹائیگرفورس نہیں ہے، یہ سب لوٹنے والے لوگ ہیں،لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے، پنجاب میں دو دوکروڑ روپے رشوت دے کر ڈی پی او اور ڈی سی لگ رہے ہیں پھر وہ آکر لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔


ٹیکسیلا میں شائع ہونے والی مزید خبریں