سب سے بڑی ترجمان مریم نے نیا ڈرامہ شروع کر دیا کہ سائفر غائب ہو گیا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹیکسلا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائفر کی کاپی دفترخارجہ میں موجود ہے، مریم نواز نے نیا ڈرامہ شروع کر دیا ہے کہ سائفر غائب ہو گیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 2 اکتوبر 2022 20:10

سب سے بڑی ترجمان مریم نے نیا ڈرامہ شروع کر دیا  کہ سائفر غائب ہو گیا
ٹیکسلا(اردو پوائنٹ ، اخبار تازہ ترین، 2اکتوبر 2022) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں! سن لو، دھمکیاں دینے کے بجائے جیل میں ڈال دو، میں اور قوم تیار ہیں۔ٹیکسلا میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب لوگوں کے ضمیروں کا سودا ہو رہا تھا تو غلام سرور خان میرے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان کو ایسے سیاستدانوں کی ضرورت ہے جن کے ضمیر برائے فروخت نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر پر تیسری بار پولیس بھیجی گئی، حکمرانوں! سن لو، دھمکیاں دینے کے بجائے جیل میں ڈال دو، قوم تیار ہے جیل بھیج کر دکھاؤ، جیل جانے کے لیے میں اور قوم تیار ہیں، پاکستان میں حقیقی تحریک کی آزادی چل پڑی ہے۔عمران خان نے کہا کہ 28 مارچ کو قوم کو مراسلہ دکھایا جس میں سازش واضح تھی، مراسلے میں کہا گیا کہ اگر عمران خان کو ہٹا دیا گیا تو پاکستان کو معاف کردیں گے، صدرمملکت اور اسپیکر قومی اسمبلی نے مراسلہ چیف جسٹس کو تحقیقات کیلئے بھجوایا، سب سے بڑی ترجمان مریم نے کہاکہ یہ مراسلہ جھوٹ ہے، مریم کو درست رپورٹنگ کرنے پر شاباس دیتا ہوں، نیا ڈرامہ شروع ہوگیا ہے کہ سائفر غائب ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز کو کہتا ہوں سائفر کی کاپی دفترخارجہ میں موجود ہے، ہماری حکومت اس لیے ختم کی گئی کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی تھی، بلاول بھٹو نے مہنگائی کے خلاف مارچ کیا تھا لیکن پاکستان میں اس وقت سب سے زیادہ مہنگائی ہے، پاکستان میں آٹے کی فی کلو قیمت 100 روپے سے زیادہ ہو گئی ہے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں پیٹرول 150 روپے فی لیٹر تھا، بجلی کی فی یونٹ قیمت ٹیکس کے ساتھ 50 روپے تک پہنچ گئی ہے، پاکستان کا تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے، پاکستان کی معیشت ہر روز نیچے جا رہی ہے، حکمرانوں نے کرپشن کے کیسز معاف کرائے اور مہنگائی میں اضافہ کیا۔

ٹیکسیلا میں شائع ہونے والی مزید خبریں