چیف جسٹس نے تھر کول بلاک ٹو منصوبوں کو شاندار قرار دے دیا، یہ منصوبہ پاکستان کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،

سندھ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا،چیف جسٹس ثاقب نثار

بدھ 12 دسمبر 2018 23:12

چیف جسٹس نے تھر کول بلاک ٹو منصوبوں کو شاندار قرار دے دیا، یہ منصوبہ پاکستان کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،
تھرپارکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس ثاقب نثار نے حکومت سندھ اور اینگرو کارپوریشن کے اشتراک سے جاری تھر کول بلاک ٹو منصوبوں کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور سندھ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھر کول بلاک ٹو پراجیکٹ کا دورہ کرنے کا بعد میڈیا سے گفتگو کرنے کے بعد کیا۔

قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس ثاقب نثار نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ تھر کول بلاک ٹو کے منصوبوں کا دورہ کیا اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے جاری شدہ اوپن پٹ مائننگ کے کام کا جائزہ لیا، چیف جسٹس نے تھر کی ڈمپر ٹرک ڈرائیور خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی ہمت کو داد دی اور کہا کہ یہ ہماری بیٹیاں پاکستان کا فخر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان کے ساتھ تصویر بنوانے کو اپنے لئے اعزاز قرار دیا، اس سے قبل چیف جسٹس تھر کول بلاک ٹو پہنچے تو سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے بورڈ چیئرمین خورشید جمالی اور ٹیم نے بلاک ٹو ہیلی پیڈ پر ان کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ وزیراعلی سندہ سید مراد علی شاہ، سپریم کورٹ کے ججز جسٹس اعجاز الحسن، جسٹس فیصل عرب، چیف جسٹس سندہ ہائیکورٹ سید احمد علی شیخ، چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، سیکریٹری تواناٰئی مصدق علی خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس کو سی ای او سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی سید ابو الفضل رضوی نے کمپنی اور تھر فاونڈیشن کے کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سی ای او اینگرو انرجی احسن ظفر سید پاور پراجیکٹ پر بریفنگ دی، منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے ابو الفضل رضوی نے کہا کہ مائننگ کے پراجیکٹ کا کام 96 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیننگ کا منصوبہ ہم 20 فیصد کم لاگت پر اور 4 ماہ قبل از وقت مکمل کر لیں گے، انہوں نے تھر فاونڈیشن کے سماجی ترقی کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سماجی ترقی کے لیے مثالی پراجیکٹس پر کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، روزگار سمیت سماجی ترقی کے تمام کام تھر فاونڈیشن کی جانب سے سرانجام دیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تھر فاونڈیشن کی جانب سے 24 اسکول یونٹس کام کر رہے ہیں، ماروی کلینک، گوڑانو کلینک صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں، جبکہ اسلام کوٹ میں تھر فاونڈیشن کی جانب سے 2 ارب روپے کی لاگت سے 80 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنائی جا رہی ہے، مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں، جبکہ پاور پراجیکٹس پر بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او اینگرو انرجی احسن ظفر سید نے کہا کہ اینگرو پاور تھر لمیٹڈ کے 660 میگاواٹ کے بجلی گھروں کا 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ اس پاور پلانٹ سے پہلا کرنٹ فروری کی آخر میں نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گا جبکہ 660 میگاواٹ بجلی جون 2019 میں نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی.دورے کے دوران چیف جسٹس نے ماڈل گائوں نیو سینھری درس کا بھی دورہ کیا اور پودا لگایا۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں