چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا تھر کا دورہ

چیف جسٹس کے دورے کے دوران کئی اہم انکشافات سامنے آ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 11:04

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا تھر کا دورہ
تھر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے تھرپارکر کا دورہ کیا اور اس دورے کے دوران کئی اہم انکشافات سامنے آئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے تھر کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے دورہ تھر پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مٹھی میں جا کر لوگوں کو چارپائیوں پرلیٹا دیا گیا۔

ہم نکل گئے توکیمپ کو اُکھاڑکر سامان ٹرک پرلاد کرچلے گئے۔ ایک دو دن کےلئے نرسز اور ملازمین کولایا گیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اسپتال میں آٹھ سال سے ایکسرے مشین خراب ہے، آپریشن تھیٹر ہے لیکن ادویات اور سرجن نہیں ہیں۔ جو پانی میں نے وہاں پلانٹ سے پیا خود سارا دن پریشان رہا کہ یہ وہ پانی ہے جو لوگوں کو دیا جارہا ہے جبکہ وزیراعلٰی نے ایک گھونٹ پانی بھی نہیں پیا۔

(جاری ہے)

قوم کے پیسے لُٹارہےہیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ گھروں کا منصوبہ دیکھ کر مجھے بے حد تعجب ہوا، زمین مفت ہے لوگوں کو پچاس لاکھ کے عوض گھر دیے جارہے ہیں۔ قوم کے پیسے لٹا رہے ہیں، جورقم خرچ ہورہی ہے وہ ہوشربا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا پاورفل منصوبہ ہے لیکن 2ارب ڈالرکی حکومتی گارنٹی دی گئی، ایک اسکول میں گیا جس میں نہ اسٹاف تھا نہ پینےکا پانی، مجھے تو یہ شرم آرہی تھی لڑکیوں کے اسکول میں واش روم نہیں۔

سپریم کورٹ میں کیس کی مزید سماعت کو 27دسمبر تک ملتوی کردیا گیا۔ یاد رہے گذشتہ روز چیف جسٹس نے سول اسپتال مٹھی کادورہ کیا اور بچوں کے آئی سی یو اور مختلف حصوں کامعائنہ کیا، معائنے کے دوران چیف جسٹس نے انتظامیہ سے کڑے سوالات کئے، اسپتال کےدورے کے انتظامات پر چیف جسٹس نے عدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا یہ کیسا ایمرجنسی وارڈہے جس میں ادویات میسرنہیں، ایمرجنسی وارڈ کی یہ صورتحال ہےتوپھراسپتال ہی بند کردیں۔

چیف جسٹس نے مصری شاہ میں آر او پلانٹ کا بھی دورہ کیا تھا ، چیف جسٹس نے آراوپلانٹ کی خراب صورتحال پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سےسوال کیا کہ آراوپلانٹ میں پانی کی کوالٹی خراب کیوں ہے، شاید آپ لوگ یہ پانی نہیں استعمال کرتے چلو پھر مجھے پلادیں، چیف جسٹس نے آر او پلانٹ کا پانی پیا۔ خراب لگا تو انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں