تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے متعدد افراد جاں بحق

مقامی میلے میں شرکت کیلئے جانے والے یاتریوں کے قافلے پر آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے

muhammad ali محمد علی منگل 30 مئی 2023 00:22

تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے متعدد افراد جاں بحق
تھرپارکر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء) تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے متعدد افراد جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع تھرپارکر میں پیر کے روز قیامت خیز واقعہ پیش آیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے متعدد افراد لقمہ اجل بن گئے۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی میلے میں شرکت کیلئے جانے والے یاتریوں کے قافلے پر آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

یاتریوں کے قافلے میں 100 سے زائد افراد شریک تھے۔ آسمانی بجلی گرنے کے واقعے کے بعد مٹھی کے سرکاری ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ تاہم خراب موسم اور کچی سڑک ہونے کے باعث جائے وقوعہ پر کوئی ایمبولینس نہ پہنچ سکی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ تھرپارکر میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے موسم کی صورتحال کافی خراب ہے، کئی گھنٹوں سے موسلادھار بارش جاری تھی، اسی دوران آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ واضح رہے کہ تھرپارکر میں ماضی میں بھی متعدد مرتبہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں تھنڈر سیل بننے کی صورت میں گرد آلود ہوائوں کے امکانات ہیں، جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں زبردست بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اتوار کے روز مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوا تھا، جس کے بعد ملک کے کئی علاقے موسلادھار بارشوں کی زد میں ہیں۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں