رِیڈیو پاکستان مٹھی کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے ریلی کا انعقاد

جمعہ 11 اکتوبر 2019 19:54

تھرپارکر۔مٹھی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) رِیڈیو پاکستان مٹھی کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریڈیو پاکستان مٹھی کی جانب سے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے ہاتھوں میں ہاتھ دیکر انسانی زنجیر کی صورت میں اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان مٹھی سید اکبر علی شاہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔

اس موقع پر اسٹیشن ڈائریکٹر سید اکبر علی شاہ نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ظلم و بربریت کے خلاف عالمی ادارہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنا فعال کردار ادا کرکے آواز بلند کریں کیونکہ کشمیری مظلوم عوام پر ظلم و بربریت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

اس ریلی کا مقصد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنا ہے کہ ہم نہ فقط زبان کے ساتھ بلکہ عملی طور پر بھی ان کے ساتھ ہیں۔

سید اکبر علی شاہ نے کہا کہ بھارت کو عالمی ادارے میں منظور شدہ کشمیر کی خود ارادیت کے معاہدے پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار کا کشمیری عوام پر ظلم و بربریت قابل مذمت ہے اور ہم اس ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ شرکائ نے اپنے ہاتھوں میں کشمیر بنے گا پاکستان کشمیر پاکستان کا شہ رگ ہے۔ پاک فوج زندہ باد کے بینرز اور پلے کارڈ قومی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور نعرے بھی لگائے۔۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں