کرپشن کی روک تھام کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،اے ڈی سی ون تھرپارکر

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:53

تھرپارکر۔مٹھی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر مختیار علی ابڑو نے کہا ہے کہ کرپشن ہمارے اداروں کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا ہے جس کے روک تھام کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مٹھی میں 9دسمبر انسداد رشوت ستانی منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران سے اجلاس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں رشوت ستانی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے جس میں آگاہی ریلی، اسکولوں اور کالجوں میں کرپشن کے نقصانات کے عنوان پر تقاریری مقابلے، تمام دفاتر میں انسداد رشوت ستانی کے حوالے سے آگاہی بینرز آویزاں کئے جائیں۔

(جاری ہے)

جس پر تمام محکموں کے افسران نے انسداد رشوت ستانی کے متعلق پروگرام منعقد کے حوالے سے مکمل تعاون کرنے کا یقین دلایا۔

ایڈیشنل کمشنر ون مختیار علی ابڑو نے کہا کہ اداروں سے رشوت ستانی کے ناسور کا خاتمہ حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران جس میں محکمہ پولیس کے ڈی ایس پی عبدالرشید، ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر تھرپارکر میر ذوالفقار علی ٹالپر، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر چھنو مل، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر تھرپارکر محمد میمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر سماجی بہبود ناتھو خان راہموں، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر شرجیل میمن، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی تھرپارکر غلام مرتضیٰ نوناری، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن تھرپارکر ٹیکم داس، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال مٹھی ڈاکٹر گل منیر وسطڑو، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر تھرپارکر محمد امجد میمن، کے علاوہ محکمہ تعلیم، پاپولیشن ویلفئیر، اسپیشل ایجوکیشن اور ٹاؤن کمیٹی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں