سجاول :دھان کی فصل پک کرمارکیٹ میں آنے کے بعد خریداروں نے قیمت کم کردی

بدھ 9 ستمبر 2020 18:19

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2020ء) سجاول اور قریبی علاقوں میں دھان کی فصل پک کرمارکیٹ میں آنے کے بعد خریداروں نے قیمت کم کردی ہے جس سے کاشتکاروں کو مزید پریشانی کا سامنہ ہے، حال ہی میں تیزبارشوں اور سیم نالوں کے پلٹنے سے علاقے میں دھان کی تیارفصل کو بڑا نقصان پہنچاہے اور کاشتکاروں کے کروڑوں روپے ڈوب گئے ہیں جبکہ بچی کھچی فصل سیلابی پانی سے نکال کرسکھاکر بڑی مشکل سے مارکیٹ میں لانے کے بعد مل مالکان اورخریداروں نے فی من چارسوروپے کمی کردی ہے، اور بازارمیں فی من بارہ سوروپے فی من اور کٹوتی اس کے علاوہ کی جارہی ہے، کاشتکاروں کا کہناہے کہ کورونا، بے روزگاری اور مہنگائی کے علاوہ حالیہ بارشوں میں انکو بھاری نقصان اٹھاناپڑا ہے اب جو فصل بچ گئی ہے اس پر بھی کم قیمت ملنے سے ان کے اخراجات نکلنے مشکل ہوجائیں گے، جبکہ سرکاری طوپر چاول خریداری کے مراکز تاحال قائم نہیں کئے گئے ہیں، مل مالکان بیٹھے بٹھائے بینکوں سے لون لیکر کم قیمت میں ایک ہاتھ سے چاول خرید کر دوسرے ہاتھ مہنگے فروخت کررہے ہیں اور نوٹ چھاپ رہے ہیں،کاشتکاروں کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے کے لئے مل مالکان اور تاجر بینک مینجروں سے ملی بھگت کرکے ایک دن میں کروڑوں کے لون حاصل کرکے کم قیمت کی شرط پرنقد دے رہے ہیں اور دوسرے ہاتھ بڑے ڈیلروں کو چاول فروخت کرکے بیچ میں اپنااور بنک مینجروں کا کمیشن کمارہے ہیں، لیکن کاشتکار بیچ میں لٹ رہے ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ سرکاری خریداری مراکز قائم کرکے کاشتکاروں کو رلیف قیمت دیجائے تاکہ ان کو پہنچنے والے نقصان کو کم کیاجاسکے۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں