متحدہ مجلس عمل کا مقصد دیگر جماعتوں کی طرح روپیہ پیسہ بنانا نہیں ملک و قوم کی خدمت اور پاکستان کے اندر نظام مصطفیٰ نافذ کرنا ہے،پارٹی امیدواران

اتوار 22 جولائی 2018 19:40

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلے میں پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے منعقد کردہ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی حلقوں پی ایس 77، 78، 79 کے ایم ایم اے کے انتخابی امیدواروں عبداللہ آدم گندرو، عبدالمجید سموں، عبدالوہاب بلوچ نے کہا کہ عوام 25 کے جولائی کے دن کو اسلامی انقلاب اور کرپٹ سیاستدانوں احتساب کا دن بنادیں، انہوں نے کہا کہ ملک موجودہ حالات میں جن مسائل کا شکار ہے ان سے نجات دلانے کی صلاحیت صرف متحدہ مجلس عمل کی پڑھی لکھی اور ایماندار قیادت کے پاس ہے، یہ قیادت جب پارلیمنٹ میں ہو گی تو ملک کا قبلہ درست ہو جائے گا۔

متحدہ مجلس عمل کا مقصد دیگر جماعتوں کی طرح روپیہ پیسہ بنانا نہیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت اور پاکستان کے اندر نظام مصطفیٰ نافذ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے ایم ایم اے امیدواروں کو کروڑوں روپے کا لالچ دے کر اپنے حق میں دستبردار کرانے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تمام پیشکشیں ٹھکرا دیں انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے منشور میں بجلی، پانی، غربت کا خاتمہ، تعلیم و صحت اور روزگار کی سہولتوں فراہمی شامل ہے اس لیے ٹھٹھہ کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ان کے قدم سے قدم ملائیں اور کتاب پر مہر ثبت کرکے ایم ایم اے کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں، اس موقع پر ایم ایم اے کے رہنما مولوی احمد سومرو اور آدم گندرو نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں ایم ایم اے کی جانب سے آمری اسٹاپ سے مکلی تک موٹر سائیکلوں سمیت دیگر گاڑیوں کی ریلی نکالی گئی۔

#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں