پاکستان فلم انڈسٹری کے جنگجو ہیرو لالہ سدھیر کی22ویں برسی(آج) ہفتہ کو منائی جائے گی

جمعہ 18 جنوری 2019 13:00

ٹھٹھہ صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے جنگجو ہیرو لالہ سدھیر کی22ویں برسی(آج) ہفتہ کو منائی جائے گی اس سلسلے میں فلمی حلقوں میں منعقدہ تقریبات میں لالہ سدھیر کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔لالہ سدھیر پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار،ہدایت کاراور فلم ساز تھے ۔

(جاری ہے)

لالہ سدھیر 1922ء کو لاہور میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام شاہ زمان آفریدی تھا لیکن فلم انڈسٹری میں وہ لالہ سدھیر کے نام سے مشہور ہوئے انہوں نے 200سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے فلموں میں ان کا کردارہمیشہ ایک بہادر انسان کا ہوتا تھا اس لیے انہیں جنگجو ہیرو بھی کہا جاتا تھا ۔

لالہ سدھیر نے اپنے دور کی معروف ترین فلمی اداکارائوں نور جہاں،صبیحہ خانم،شمیم آراء،نیئرسلطانہ،فردوس،بہار ،رانی اور دیگر کے ساتھ بطور ہیرو اداکاری کے جوہر دکھائے۔لالہ سدھیر کی معروف ترین فلموں میں دلا بھٹی،ماہی منڈا،یکے والی،سسی،باغی،مان پتر،جی داراور دیگر قابل ذکر ہیں ۔لالہ سدھیر19جنوری1997ء کو جہان فانی سے کوچ کر گئے۔

متعلقہ عنوان :

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں