ٹھٹھہ میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق، پورا گاؤں سیل کر دیا گیا

گاؤں رمضان بروہی کے رہائشی مریض کے انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 16 اپریل 2020 10:45

ٹھٹھہ میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق، پورا گاؤں سیل کر دیا گیا
ٹھٹھہ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-16اپریل2020ء) کورونا وائرس نے پوری دنیا میں تباہی مچانے کے بعد اب پاکستان میں اپنے قدم جما لئے ہیں جس کے بعد ہر گزرتے د ن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ابھی تک پاکستان میں کوروناو ائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 6500 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 124 ہو گئی ہے۔ اسی دوران سندھ کے شہر ٹھٹھہ کےگاؤں رمضان بروہی کے رہائشی مریض کے انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد پورے گاؤں کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے فوکل پرسن ڈاکٹر یحییٰ کا کہنا تھا کہ 60 سالہ مریض کو دل کے عارضے سمیت مختلف امراض لاحق تھے اور اسے 20 مارچ کو جناح اسپتال کراچی میں داخل کرایا گیا تھا، 13 اپریل کو مریض کا کورونا ٹیسٹ بھی کرایا گیا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے جب کہ مریض گذشتہ شب انتقال کرگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کو مقامی قبرستان میں دفنا دیا گیا ہے جس میں اس کے اہل خانہ اور کچھ قریبی رشتہ داروںنے شرکت کی تھی۔

نماز جنازہ میں شرکت کرنےو الے تمام افراد جاں بحق ہونے والے شخص کی کورونا رپورٹ سے لا علم تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد گاؤں کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے جس کے بعد اس کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بندکر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 8سے 10گھروں پر مشتمل گاؤں کے لوگوں کے نمونے لیے جارہے ہیں اورانتقال اور تدفین کے موقع پر موجود افراد کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1668 ہوچکی ہے جن میں سے 41 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں