گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت ٹھٹھہ سرکٹ ہائوس میں اعلیٰ سطح اجلاس

عمران اسماعیل کا احساس کفالت سینٹر ٹھٹھہ کا دورہ ، گورنر سندھ نے تقسیم ہونے والی رقم کے عمل کا جائزہ لیا

منگل 20 اپریل 2021 17:27

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت ٹھٹھہ سرکٹ ہائوس میں اعلیٰ سطح اجلاس
ٹھٹھہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت ٹھٹھہ سرکٹ ہائوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ اور محمود مولوی سمیت مقامی رہنمائوں کے علاوہ حیسکو، سوئی سدرن، نادرا، پاسکو، بیت المال، احساس پروگرام کے حکام ، ٹھٹھہ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں حیسکو اور سوئی سدرن حکام نے گورنر سندھ کو بریفنگ دی ، جبکہ نادرا حکام کی ٹھٹھہ ضلع میں شناختی کارڈ کے لیے قائم کیے گئے سینٹرز پر بھی گورنر سندھ کو بریفنگ دی گئی۔ گورنر سندھ نے حیسکو کے حکام کو ہدایت جاری کی کہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اور بجلی کے ترسیلی نظام میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کرے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ٹھٹھہ میں نادرا کے ساتھ مل کر پاسپورٹ آفس کے قیام کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کر رہے ہیں ۔

گورنر سندھ نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو عوام کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ گورنر سندھ نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو بھی ہدایت جاری کی کہ احساس کفالت سینٹر پر تقسیم رقم کے عمل کی مانیٹرنگ کی جائے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہر شخص کو انصاف کی فراہمی پولیس افسران کی ذمہ داری ہے ۔ گورنر سندھ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے ۔

بعدازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے احساس کفالت سینٹر ٹھٹھہ کا بھی دورہ کیا۔ گورنر سندھ نے تقسیم رقم کے عمل کا جائزہ لیا ، گورنر سندھ نے احساس کفالت سینٹر پر آئی ہوئی خواتین سے ان کے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ گورنر سندھ نے احساس پروگرام کے حکام کو تقسیم رقم کے عمل کو بہتر بنانے کی ہدایت جاری کیں۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں