ٹھٹھہ صادق آباد‘لیگی کارکنوں کی کار ٹائر برسٹ ہونے سے درخت سے جاٹکرائی،4نوجوان جاں بحق، 2شدید زخمی

ریسکیو ٹیم نے کارکی باڈی کاٹ کر نعشیں نکالیں ،گھروں میں کہرام مچ گیا‘ایک زخمی ناصر شاہ کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں

منگل 24 جولائی 2018 12:42

ٹھٹھہ صادق آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2018ء) انتخابی مہم سے واپس آنے والے مسلم لیگ( ن) کے کارکنوں کی کار ٹائر برسٹ ہونے سے درخت سے جاٹکرائی،4نوجوان موقع پر جاں بحق، 2شدید زخمی،کارکی باڈی کاٹ کر نعشیں نکالی گئیں ،گھروں میں کہرام مچ گیا علاقہ بھر میں سوگ ۔تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ صادق آبادسے کار میں سوار 6نوجوان جہانیاں میں مسلم لیگ ن کا آخری انتخابی جلسہ سننے گئے اور واپس آتے ہوئے پیارہ پلی کے قریب ان کی کار نمبری 4942ایل ای ایف کا ٹائر برسٹ ہو گیا جس سے ان کی کار بے قابو ہو کر ایک دھماکے کے ساتھ درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ٹھٹھہ صادق آباد کی رہائشی 4نوجوان طارق سانگی،امجد سانگی،فہیم بھٹی اور رائو ثاقب موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کار کی باڈی کاٹ کر نعشیں نکالی جبکہ زخمیوں ناصر شاہ،اکرام سانگی عرف رانجھا کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ایک زخمی ناصر شاہ کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیںجس کی حالت تشویشناک بتائی جا تی ہے ۔حادثہ کے بعد جاں بحق نوجوانوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشکبار ہو گئی جبکہ علاقہ بھر میں سوگ کی کیفیت طاری ہو گئی،ٹھٹھہ صادق آباد کے تمام بازار اور مارکیٹیں سوگ میں بند کر دی گئیںجبکہ مرحومین کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں