بارشوں یا سیلاب سے پہلے حفاظتی انتظامات کے متعلق کنٹی جنسی پلان ترتیب دے کر رپورٹ دی جائے، ڈپٹی کمشنر سجاول

مون سون کی بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرنے اور نہروں کے پشتے مضبوط کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر سجاول کی زیر صدارت اجلاس

پیر 16 جولائی 2018 23:41

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) مون سون کی امکانی بارشوں سے پہلے حفاظتی اقدامات کرنے اور نہروں کے پشتے مضبوط کرنے کے لیئے ڈپٹی کمشنر سجاول ریاض علی عباسی کی زیر صدارت دربار ہال میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سردار ریاض حسین لغاری، اسسٹنٹ کمشنر سجاول اویس مشتاق، ایکسین ایس ڈی او ڈرینج انجینئر جیٹھانند ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اورنگزیب سموں، ایس ڈی او حیسکو اظہر علی شاہ، فاریسٹ آفیسر رب ڈنو کھٹی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دوست علی ملاح، ایس ڈی او ایری گیشن امجد علی، ڈی ایس پی پولیس علی محمد کھوسو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سارے متعلقہ افسران کو ہدایتیں دی کہ مون سون کی امکانی تیز بارشوں یا سیلاب سے پہلے حفاظتی انتظامات کے متعلق کنٹی جنسی پلان ترتیب دے کر رپورٹ دی جائے۔

(جاری ہے)

خراب مشینری کی مرمت کراکے تیار حالت میں رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کی قدرتی گزگاہوں سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جائیں تاکہ بارش کا پانی آسانی سے نکل سکے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ امکانی سیلاب کی صورت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیئے اسکولوں میں کیمپ تیار رکھے جائیں ۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت دی کہ انتہائی حساس دریائی پشتوں کی نشاندہی کرکے ان پر عملے کی ڈیوٹی لگائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر سجاول نے ٹائون افسران کو ہدایات دیں کہ بارش کے پانی کو جلد سے جلد شہروں سے نکالنے کے لئے ضروری اقدامات کیئے جائیں اور پمپنگ مشینری کو تیار حالت میں رکھا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بارشوں سے پہلے سم نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور سم نالوں سے قبضے ختم کرائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مون سون کے حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ایکسین ایس ڈی او ڈرینج انجینئر جیٹھانند نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی جولائی تک کسی بڑی بارش کا امکان ہے لیکن پھر بھی ہم اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیلاب آجائے تو پھر بھی سیلاب کا پانی تربیلا سے سجاول تک پہنچتے پہنچتے دن لگ جائیں گے۔ تب تک پانی کا دبائو کم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نادرن ڈھوروقدرتی برساتی نالے میں پہلے اگر 80ملی لیٹر بارش پڑے تو پانی گزرنے کی گنجائش تھی جو اب بڑھ کر 150ملی لیٹر ہو چکی ہے۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں