سجاول،منافع خوروں اور موقع پرست ذخیرہ اندوز تاجروں کی من مانی اور مصنوعی گرانی کی خبریں شائع ہونے کے بعد انتظامیہ کو ہوش آگیا

پیر 18 نومبر 2019 23:40

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2019ء) منافع خوروں اور موقع پرست ذخیرہ اندوز تاجروں کی من مانی اور مصنوعی گرانی کی خبریں شائع ہونے کے بعد انتظامیہ کو ہوش آگیاہے۔اور اس سلسلے میں احکامات جاری کئے گئے ہیںتاہم متعلقہ عملے کی بازپرس نہ ہوسکی ہے اور نہ ہی عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل میمن کے زیرصدارت روز مرہ کے استعمال میں آنے والی اشیاء کی قیمتیں برقرار رکھنے اور مہنگائی پرقابو پانے کے لیئے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل میمن نے متعلقہ عملداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیاء کی قیمت کی لسٹ دکانداروں کو دیں اور انہیں پابند کریں کے وہ لسٹ کو دکان میں نمایاں جگہ پر لگائیں انہوں نے مزید کہا کہ لسٹ پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرکے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلع سجاول کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ روزمرہ کی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو مانیٹر کریں اور ملنے والی شکایات کو فوری حل کریں۔

انہوں نے مارکیٹ کمیٹی سجاول کی طرف سے جاری کردہ لسٹ کو دکانوں پر نمایاں جگہ لگانے کی ہدایات دیں اور کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ، منافع خور اور زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کہا جائے گا ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ اس موقع پر ڈی سی سجاول نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں چیکنگ کا عمل تیز کیا جائے اور اشیاء کی قیمتیں اور معیار سختی سے چیک کئے جائیں اور گداموں میں ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قدم لیا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سردار ریاض حسین لغاری ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر احمد کھٹی، بیورو سپلائی پرائیسز، ڈی ایف سی نزاکت عباسی، ممبر مارکیٹ کمیٹی غلام قادر سموں اور اس کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں