کوروناکیسز میں بے تحاشہ اضافہ ، ڈپٹی کمشنرسجاول نے دو محلوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا

ہفتہ 4 جولائی 2020 21:29

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2020ء) ضلع بھرمیں کوروناکیسز میں بے تحاشہ اضافہ کے بعد ڈپٹی کمشنرسجاول نے شہرکے ہندوآبادی والے دو محلوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیاہے ، نوٹیفکیشن کے مطابق سجاول کے ہندومحلہ اور بھگت محلہ میں سات روز کے لئے نوجولائی تک لاک ڈائون رہے گا۔ یہ سمارٹ لاک ڈائون محکمہ صحت کی سفارش پرنافذکیاگیاہے۔

مذکورہ لاک ڈائون کے نوٹیفکیشن کے بعد مذکورہ مخصوص علاقوں میں کسی قسم کاعملدرآمد دیکھنے میں نہیں آیاہے۔ علاوہ ازیں حکومت کے ہفتہ اور اتوارکے لاک ڈائون پر بھی کوئی عمل نہیں کیاجارہاہے نہ ہی ایس او پیز کو فالو کیاجارہاہے ، ڈپٹی کمشنرسجاول، ایس پی سجاول نے محکمہ صحت کے افسران اور پولیس ورینجرس کے ساتھ شہرکے مین بازار کا دورہ کیاتو تمام دکانیں کھلی ہوئی تھیں ،پراناٹی وی پارک کے قریب رش اور ٹریفک جام کی وجہ سے ان کی گاڑیاں پھنس گئیں جن کو راستہ دینے کے لئے ٹریفک پولیس اہلکارطلب کئے گئے ، گذشتہ دوروزکے دوران ضلع سجاول میں سترکے قریب کوروناپازیٹو کیسز کی تصدیق ہوئی تھیں ،جبکہ ضلع بھرمیں ابتک چھ افراد کوروناکی وجہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں اس وقت بھی ایک سو سے زائد مریض زیرعلاج ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ضلع بھرمیں کہیں بھی ایس او پیز اور سرکاری احکامات کو فالونہیں کیاجارہاہے۔نہ ہی عملدرآمد کیاقدامات کئے جارہے ہیں جس سے کوروناکے مزید کیسز سامنے آنے کا خدشہ ہے۔#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں