عید میلادالنبی ﷺ ، ایس ایس پی سجاول الطاف حسین کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

جمعہ 23 اکتوبر 2020 22:37

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے ایس ایس پی سجاول الطاف حسین کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، ضلع بھر سے جماعت اہلسنت کے علماء کرام اور رہنماؤں کی شرکت کی گئی،جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں امن وامان کے پیشِ نظر ایس ایس پی آفس میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعے کی تینوں تحصیلوں سے اہلسنت مسلک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

میٹنگ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا بعد ازاں ماہ ربیع الاول کے دوران امن وامان اور محافلِ میلاد و جلوسوں کی سکیورٹی کے متعلق رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ضمن میں رہنماؤں سے مسائل و تجاویز دریافت کی گئیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی سجاول الطاف حسین کی جانب سے عید میلادالنبی ﷺ کی نسبت سے منعقد ہونے والی ریلیوں اور محافلِ میلاد میں ضلع سجاول پولیس کی جانب سے بھرپور سیکیورٹی انتظامات کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پیارے نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد کی نسبت سے ماہِ ربیع الاوّل مسلم امہ کے لیے خوشیوں کا مہینہ ہے جس میں امن وامان بحال رکھنے کیلئے ضلع سجاول پولیس کی جانب سے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دے کر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔دوسری جانب تمام شرکاء نے انتظامیہ سے تعاون کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پولیس اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔آخر میں دعائے خیر سے اجلاس کا اختتام کیا گیا.

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں