سینیٹ الیکشن، مشیر خزانہ نے اپنا ووٹ خیبرپختونخواہ منتقل کروا لیا

خیبرپختونخواہ سے سینٹ الیکشن اس لیے لڑرہا ہوں کہ یہاں میرا سسرال ہے: شوکت ترین کی وضاحت

muhammad ali محمد علی پیر 6 دسمبر 2021 20:07

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2021ء) سینیٹ الیکشن، مشیر خزانہ نے اپنا ووٹ خیبرپختونخواہ منتقل کروا لیا۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے اپنا ووٹ مردان منتقل کروائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ مشیر خزانہ نے بھی سینیٹ نشست کے الیکشن سے قبل اپنے ووٹ کی منتقلی کا اعتراف کیا ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں شوکت ترین نے کہا کہ کراچی میں میرا ووٹ رجسٹرڈ ہی نہیں تھا، میرا ووٹ پہلے لاہورمیں رجسٹرڈ تھا اور اب مردان میں رجسٹرڈ ہے، میرا شناختی کارڈ مردان سے ہے، یہاں سے سینیٹر منتخب ہوا تو پہلے کی طرح کے پی کے لیے کام کروں گا۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواسے سینٹ الیکشن اس لیے لڑرہا ہوں کہ یہاں میرا سسرال ہے۔ دوسری جانب سینیٹ میں خیبرپختونخوا کی نشست پر انتخابات کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی نے حکمران جماعت کے امیدوار شوکت ترین پر تحریری اعتراض جمع کرادیا۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی واحد نشست پر انتخابات کے دوران حکمران جماعت آئینی خلاف ورزیاں کررہی ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف لاہور میں رجسٹرڈ ووٹ مردان منتقل کیا گیا۔

الیکشن کمیشن سے ہم استدعا کرچکے ہیں کہ آرٹیکل 63 اور الیکشن ایکٹ کے تحت شوکت ترین کو نااہل کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ان لوگوں کو پختونخواہ تب یاد آجاتا ہے جب ان کو ضرورت ہوتی ہے۔جب حقوق کی بات آتی ہے تو پختونخواہ کے اپنے وزراء اور اراکین بھی صوبے کا نام بھول جاتے ہیں۔کراچی کے رہائشی کا ووٹ لاہور میں رجسٹرڈ تھا، نومبر میں ووٹ مردان لایا گیا۔

زاہد خان کا کہنا تھا کہ مردان میں بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، ایسے میں ووٹ کا اندراج یا منتقلی نہیں ہوسکتی۔ تکنیکی بنیادوں پر دیکھا جائے تو الیکشن کمیشن کو آج ہی انہیں نااہل کردینا چاہئیے۔خیبرپختونخوا سے امیدوار اس لئے لایا گیا ہے کہ 2018ء میں انہیں دو تہائی اکثریت دلائی گئی تھی۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن ایکٹ 2017 پر من و عن عملدرآمد کرکے انصاف پر مبنی فیصلہ کیا جائے۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں