سندھ حکومت کی جانب سے جاری کرونا ایس او پیز کے تحت انڈ ور تقریبات پر 15 فروری تک پابندی عائد کردی:غضنفر علی قادری

جمعہ 21 جنوری 2022 23:07

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2022ء) ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے جاری کرونا ایس او پیز کے تحت انڈ ور تقریبات پر 15 فروری تک پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 300 ویکسینیٹیڈ افراد شرکت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں ویکسین کے بغیر کسی بھی شخص کو اجازت نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں کرونا ایس اوپیز پر عملدرآمد سمیت آئندہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات اور ای پی آئی مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد نواز قریشی، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر حسن گندرو، ڈسٹرکٹ منیجر یونیسیف اعجاز جاکھرو، این اسٹاپ ڈاکٹر راجیش کمار، ڈی آئی بی انچارج اے ڈی ش کے علاوہ ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ پولیس، تعلیم، انفارمیشن و دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ روینیو اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹوں، دکانوں اور شاپنگ سینٹرز کا اچانک دورہ کرکے دکانداروں اور خریداروں کے کرونا ویکسینیشن کارڈز اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 24 سے 30 جنوری 2022 تک شروع ہونے والی مہم کے دوران بھی بہتر نتائج کے حصول کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی گھر گھر موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ اجلاس کو ڈاکٹر راجش کمار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران 5 سال تک عمر کے 2 لاکھ 8 ہزار 521 بچوں کو قطرے پلانے کیلئے 687 گشتی، 46 فکسڈ اور 53 ٹرانزسٹ پوائنٹس جبکہ 162 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں تاکہ مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔

اس موقع پر متعلقہ افسران کی جانب سے گذشتہ ای پی آئی مہم کے متعلق بریفنگ دی گئی جس پر ڈّپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور مائکرو پلان جلد پیش کریں تاکہ جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ای پی آئی ٹیموں کی سخت نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری نے سول ہسپتال مکلی میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر مھم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں