بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میرا نصب العین ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

70سے 75 ارب روپے ہرسال بلوچستان کی ترقی پر خرچ کئے جارہے ہیں، ترقیاتی اسکیمات کیلئے رقوم پہلے بھی موجود ہوتی تھیں بلکہ موجودہ وقت کی نسبت فنڈز زیادہ ہوتے تھے لیکن صوبے ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے خرچ نہیں ہوتے تھے ،جام کمال خان

جمعہ 23 جولائی 2021 17:00

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میرا نصب العین ہے،70سے 75 ارب روپے ہرسال بلوچستان کی ترقی پر خرچ کئے جارہے ہیں، ترقیاتی اسکیمات کیلئے رقوم پہلے بھی موجود ہوتی تھیں بلکہ موجودہ وقت کی نسبت فنڈز زیادہ ہوتے تھے لیکن صوبے ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے خرچ نہیں ہوتے تھے ہماری تین سالہ مدت حکومت میں بلوچستان میں جو کام ہوئے وہ سب کے سامنے عیاں ہیں،اور یہ وقت ثابت کرے گا کہ ہماری مخلوط حکومت نے بلوچستان میں کتنی مخلصی اور لگن و محنت اور دل جمعی کے ساتھ اجتماعی ترقی کا جال بچھایا۔

باقی دو سال جو بچے ہیں اس میں ہم بلوچستان کو ہر شعبے میں ترقی دے کر یہاں کے عوام میں پایا جانے والا احساس محرومی دور کریں گے۔

(جاری ہے)

گوادر اور سی پیک کے منصوبوں کی مکمل تکمیل سے یہاں ترقی و خوشحالی اور روز گار کی نئی راہیں کھلیں گی۔لوچستان حکومت اپنے تمام فیصلے خود ہی کرتی ہے، پورا بلوچستان میرا حلقہ ہے، ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے آبائی علاقے بیلہ میں عید ملن پارٹی کے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن ارکان کے حلقوں میں بھی ترقیاتی کام کروائے ہیں اور مستقبل میں بھی تما م صوبے کو ایک نظر سے دیکھیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے نے کہا کہ صوبے میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اسپتالوں کی حالت بہتر کی جارہی ہیں۔صحت اور تعلیم ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ جلد ہیلتھ کارڈز کا اجرا ہورہا ہے جس سے بلوچستان کا ہر غریب شخص مستفید ہوگا اور دس لاکھ روپے تک کا علاج کروا سکے گا۔ نصیر آباد میں پہلی بار میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جبکہ صوبے کے باقی اضلاع میں بھی میڈیکل کالجز بنائے جائیں گے تاکہ بلوچستان پروفیشنل کالجز اور فنی تعلیم میں کسی سی پیچھے نہ رہے۔

جام کمال خان نے مزید کہا کہ لسبیلہ صوبے کا واحد ضلع ہے جس میں سرکاری اراضیات زیادہ ہیں اس لئے یہاں سیٹلمنٹ کے لئے کام شروع کیا ہے انہوں نے کہا ماضی میں ہمارے ایم پی اے فنڈز رکوائے گئے اسکیمات رکوائی گئیں جس سے لسبیلہ میں ترقی کا پہیہ رک گیا اور نقصان علاقے کے لوگوں کا ہوا۔ ہم انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔تقریب سے مشیر وزیر اعلیٰ رامین محمد حسنی ،بی اے پی لسبیلہ کیصدر محمد انور رونجھو اور سینئر رہنما قادر جاموٹ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں جام کمال خان نے اپنے آبائی قبرستان میں اپنے والد مرحوم جام محمد یوسف اور دادا الحاج جام غلام قادر خان کی قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

تھل میں شائع ہونے والی مزید خبریں