تحصیلدار اوتھل محمد یعقوب شیخ نے اوتھل بازار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف باقاعدہ کاروائی کا آغاز کردیا

پیر 29 جولائی 2019 17:29

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بیلہ ڈاکٹر جمیل احمد بلوچ کی نگرانی میں نائب تحصیلدار اوتھل محمد یعقوب شیخ نے اوتھل بازار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف باقاعدہ کاروائی کا آغاز کردیا ، نائب تحصیلدار اوتھل محمد یعقوب شیخ نے لیویز فورس ، پولیس اور میونسپل کمیٹی اوتھل کے عملے کے ہمراہ اوتھل میں قومی شاہراہ پر ناجائز تجاوزات کے خلاف کاروائی کی۔

انتظامیہ نے شہر میں قومی شاہراہ کے حدود میں قائم کئے گئے کیبنز ، خوانچہ فروشوں اور دوکانوں و ہوٹل مالکان کو سختی سے تاکید کی کہ فوری طور پر دوکانوں کے سامنے قائم تجاوزات ہٹائے جائیں ، نائب تحصیلدار اوتھل محمد یعقوب شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے فیصلے اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف کاروائی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ، شہر میں قومی شاہراہ کے دونوں اطراف حالیہ تعمیر ہونے والے فٹ پاتھ پر متعدد دوکان مالکان نے قبضہ کر رکھا ہے جس کے سبب یہاں نہ صرف پیدل چلنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی بھی ماند پڑ چکی ہیں انہوں نے کہا کہ تجاوزات قائم کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی ، شہر میں بس اسٹاپ پر واقع انتظار گاہ کے قریب قائم کیبنز ہٹائے جارہے ہیں تاکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک جام ہونے سے حادثات پیش آسکتے ہیں ، اب کی بار شہر کو تجاوزات سے مکمل پاک کرکے دم لیں گے ، چھوٹے کاروباری حضرات جو ریڑھی بان ہیں وہ اپنے کیبن قومی شاہراہ سے ہٹا کر فوری متبادل جگہوں پر چلے منتقل کریں۔

(جاری ہے)

سڑک اور فٹ پاتھ پر ہونے والی آمد و رفت میں خلل نہ ڈالیں ، انتظار گاہ اور فٹ پاتھ شہریوں کی سہولیات کے لئے بنائے گئے ہیں جس سے شہر میں حادثات کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی ، انہوں نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ قومی شاہراہ پر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی پارکنگ ہے اسے بھی ٹریفک پولیس کی مدد سے ہٹایا جارہا ہے ، ہوٹل مالکان روڈ پر موٹرسائیکلیں پارک کرنے سے منع کریں ، انہوں نے تاجر برادری ، گاڑی و رکشہ مالکان کو ہدایت کی کہ تجاوزات و روڈ پر پاکنگ کو ختم کیا جائے خلاف ورزی کی صورت میں انتظامیہ خود تجاوزات کا خاتمہ کرے گی اور چھوٹی بڑی گاڑیاں جنہیں روڈ کنارے پارک کردیا جاتا ہے ان کے خلاف بھی کاروائی ہوگی ، علاوہ ازیں نائب تحصیلدار اوتھل کی نگرانی میں شہر میں لیویز فورس اور پولیس اہلکاروں نے میونسپل کمیٹی کے عملے کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خلاف مشترکہ کاروائی کی اور روڈ سے ٹیبل ، ٹھیے ، ریڑھی بانوں کو ہٹا کر قومی شاہراہ کے اطراف بننے والے فٹ پاتھ کو صاف کرایا گیا۔

تھل میں شائع ہونے والی مزید خبریں