ڈیمز کی تعمیر ۔۔۔ بزرگ پھل فروش پاکستان کے مستقبل کیلئے سب سے زیادہ فکر مند!

اپنی دن رات محنت کی کمائی سے جانتے ہیں کتنی رقم کار خیر میں جمع کروا ڈالی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 جولائی 2018 12:13

ڈیمز کی تعمیر ۔۔۔ بزرگ پھل فروش پاکستان کے مستقبل کیلئے سب سے زیادہ فکر مند!
کمالیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2018ء) : کمالیہ کے رہائشی ایک پھل فروش نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے ملک میں دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دیا جس کے بعد سے ہی ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیات کا سلسلہ شروع ہوا۔ عطیات کے اس کارخیر میں حصہ ڈالنے کے لیے کمالیہ کا رہائشی ایک پھل فروش بھی سامنے آ گیا ۔

کمالیہ کے ایک پھل فروش نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے 5 ہزار روپے کا عطیہ کر دیا۔ پھل فروش کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پانی کی اشد ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں پانی کی قلت پر قابو پانے ، محکمہ زراعت کو پانی کی فراہمی اورپینے کے صاف پینے کےلیے سپریم کورٹ نے ملک میں دو ڈیمز دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز بنانے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنی جیب سے 10 لاکھ روپے بھی عطیہ کیے۔

چیف جسٹس کی جانب سے عطیہ دئے جانے کے بعد ڈیمز کی تعمیر کے لیے پیسے عطیہ کرنے کا ٹرینڈ بن گیا۔ پاک فوج نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کا اعلان کیا اورپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج بھی ڈیموں کی تعمیر کے لیے کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ ڈالے گی۔ پاک فوج دیا میربھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے فنڈزمیں حصہ قومی فریضہ کے تحت ڈالیں گے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ تینوں مسلح افواج جن میں بری فوج ، پاک فضائیہ اور پاک نیوی کے سربراہان اور افسران 2 دن کی تنخواہیں فنڈ میں جمع کروائیں گے۔ تینوں مسلح افواج کے جوان ایک دن کی تنخواہ کارخیرمیں جمع کروائیں گے۔اس کے بعد چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ پاکستان کرکٹر شاہد خان آفریدی نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی طرف سے 10 لاکھ روپے عطیہ کیے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے پانچ لاکھ روپے عطیہ کیے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے سرکاری افسران اور فیسکو افسران نے بھی اپنی 3 اور ملازمین نے اپنی ایک ایک دن کی تنخواہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا تھا۔حبیب بنک لمیٹڈ نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے رقم عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک شمس الحسن نے نیوز کانفرنس کی۔شمس الحسن نے بتایا کہ حبیب بنک لمیٹڈ نے ڈیمز فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ، سپریم کورٹ کے افسران اپنی دو دن کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے فنڈ میں جمع کروائیں گے جبکہ گریڈ 15 کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے جمع کروائیں گے۔اس کے علاوہ ایچ بی ایل ملازمین اور یو بی ایل ملازمین بھی ایک دن کی تنخواہ فنڈز میں دیں گے۔

معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے 3 لاکھ روپے جبکہ باکسر عامر خان نے 10 لاکھ روپے عطیہ کیے۔ جبکہ نگران وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے بھی اپنی ساری تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیات میں دے دی۔سوشل میڈیا پر عطیات کے حوالے سے ایک ویڈیو وائرل بھی وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کم عمر بچے بھی ڈیموں کے لیے فنڈ دینے کی خاطر قطار میں کھڑے ہیں۔

ویڈیو میں بتایا گیا کہ ان بچوں کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے اور لاہور میں جوتے پالش کرنے کا کام کرتے ہیں اور یہ بچے پنجاب بنک میں سپریم کورٹ کی طرف سے ڈیموں کی تعمیر کے لیے بنائے گئے اکاؤنٹ میں عطیات جمع کروانے آئے۔ یہی نہیں پاکستانی عوام میں موجود محب وطن پاکستانیوں نے بھی پانی کی قلت سے چھُٹکارا پانے اور ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق فنڈ جمع کروانا شروع کر دئے ہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کی فنڈنگ کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کروائی گئی ہے۔جس کے تحت موبائل صارفین میسج سروس کے ذریعے 10 روپے ڈیموں کے اکاؤنٹ میں عطیہ کرسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں انتہائی سادہ طریقہ کار بتایا گیا ۔ موبائل صارفین میسج میں ’ڈیم‘ لکھ کر ’8000‘ پر بھیج دیں۔

میسیج بھیجنے کے کچھ دیر بعد آپ صارف کو ایک تصدیقی پیغام موصول ہو گا جس میں بتایا جائے گا کہ ڈیمز فنڈ میں ان کے 10 روپے جمع کر دئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ2018ء (''DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018'')رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں