ٹوبہ ٹیک سنگھ،غیر قانونی رکشہ سٹینڈز سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

اتوار 20 جنوری 2019 21:10

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) صدربازار،ریل بازار،چوڑی بازار ،کمیٹی بازاراور تالاب بازار پر ریڑھی چھابڑی والوں اور شورکوٹ روڈ اورجھنگ روڈپر چنگ چی رکشہ والوں کے مستقل قبضہ سے دکاندار بے بس۔ سودا سلف خریدنے کے لئے آنے والے شہریوں کو بازارکے اندر پیدل چلنے میں بھی پریشانی کا سامنا جبکہ جھنگ روڈ اور شورکوٹ روڈ پر جگہ جگہ رکشہ سٹینڈ بننے کی وجہ سے ٹریفک مستقل جام ہونے لگی۔

میونسپل کمیٹی حکام اور ٹریفک پولیس کی چشم پوشی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متعدد مرتبہ توجہ دلانے کے باوجود مسئلہ کا کوئی حل نہ ہونے پر تاجر برادری بھی پریشان ہے ۔دکان داروں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین خوداسی بازار میں کاروبار کرتے ہیں ،ان کو اس مسئلہ کی سنگینی کا اچھی طرح اندازا ہے مگر وہ بھی نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس مسئلہ کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جگہ جگہ رکشہ سٹینڈ ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ٹریفک پولیس اہلکار روڈز پر کھڑے ہو کر چالان کرکے ریونیو اکٹھا کرنے کے سوا کچھ بھی نہیں کرتے، شہری ٹریفک کے مسائل پر ان کی توجہ بالکل نہیں ہے۔شہریوں اور تاجر برادری نے انتظامیہ کے ذمہ داران اور میونسپل کمیٹی کے حکام سے اپیل کی ہے کہ ان مسائل کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں