جشن عید میلاد النبی ﷺ و 23 ویں سالانہ عرس مبارک بسلسلہ فرید فرد فرد عالمشیخ الاشیوخ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ بمقام نظامی منزل عید گاہ سلطان فاؤنڈیشن روڈ کی تقریبات مکمل ہو کر اختتام پذیر ہوگئیں

Muhammad Noman Ch محمد نعمان چوہدری جمعرات 14 اکتوبر 2021 11:33

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2021ء) جشن عید میلاد النبی ﷺ  و 23   ویں سالانہ عرس مبارک بسلسلہ فرید فرد فرد عالمشیخ الاشیوخ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ بمقام نظامی منزل عید گاہ سلطان فاؤنڈیشن روڈ کی تقریبات مکمل ہو کر اختتام پذیر ہوگئیں۔ عرس مقدسہ کی صدارت پیر طریقت رہبر شریعت، محب النبی پیر ڈاکٹر محمد سلیم غازی چشتی نظامی مدظلہ علیہ نے کی۔

جبکہ عرس مقدسہ میں شہباز اہل سنت فخر علماء اہل سنت علامہ ابن علامہ ابن علامہ صاحبزادہ منعم حسنین صدیقی، عظیم مذہبی سکالر مفتی دوراں حضرت مولانا مفتی عبدالمنان نقشبندی، معروف مذہبی راہنما حضرت مولانا ڈاکٹر رفیق انور چشتی، معروف مذہبی سکالر سید محمود شاہ ہاشمی، سابق ضلع ناظم ٹوبہ  و سینئر مرکزی نائب صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری محمد اشفاق، چیئرمین بلدیہ میاں شہزاد احمد، کسان اتحاد کونسل کے مرکزی چئیر مین محمد عمران سدھو و دیگر مہمانان گرامی نے خصوصی شرکت کرکے محفل کی رونق کو مزیدرونق بخشی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ عرس مقدسہ میں شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ و دیگر چکو ک سے وابستہ مریدین، عقیدت مندان و متوسلین نے انتہائی ادب و احترام کے ساتھ شرکت کی۔ محفل مقدسہ کے انتظامی امور معروف علمی و ادبی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق نیازی نے سر انجام دئیے۔جبکہ نقیب محفل سر زمین گوجرہ کی جانی پہچانی شخصیت شیخ وقار عظیم رہے۔محفل مقدسہ کی پہلی نشست میں مستورات کا محفل میلاد منعقد ہوا جبکہ دوسری نشست کا آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے ہوا جس کی سعادت حافظ فائز احمد اور قاری سلیم اختر نے حاصل کی۔

بعد از تلاوت محفل مقدسہ میں شہر بھر و دیگر علاقہ جات سے آئے ہوئے ثناء خوان مصطفےٰ جس میں فخر پنجاب محمد اشرف چشتی، پروفیسر احسان اویسی، چشتیہ نعت کونسل کے بانی محمد ندیم چشتی، فخر ٹوبہ بلبل مدینہ سعید سلیم سلطانی اور شیخ وقار عظیم آف گوجرہ و دیگر نے بحضور سرور انبیاء، سلطان الانبیاء خاتم النبین حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ ہدیہ عقیدت پیش کرنے کا شرف حاصل کیا۔

جبکہ اس موقع پر سر زمین ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عظیم مذہبی راہنما صاحبزادہ منعم حسنین صدیقی نے میلاد مصطفےٰ اور محبت مصطفےٰ ﷺ کے موضوع پر پُر مغز خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب ذیشان میں ترنم کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ آقا کریم حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ کی ذات اقدس تمام جہانوں میں سب سے اعلیٰ و ارفع اور حسین ذات ہے۔ اگر حضور نہ ہوتے تو کائنات کا وجود بھی ناممکن تھا۔

آپ ﷺ کی آمد سے کائنات نور کی روشنی سے مزین ہو گئی بے قراروں کو قرار مل گیا ظلمت کدہ کے اند ھیرے مٹ گئے۔ حق آگیا اور باطل و جاہلیت شکست خوردہ ہو گئے۔ جبکہ محفل مقدسہ کی آخری نشست میں وطن عزیز پاکستان کے مایہ ناز قوال درباری قوال معین فریدی و ہمنوا آف لاہور نے مسلک چشتیہ نظامیہ کے آداب کے مطابق نذرانہ عقیدت پیش کرکے محفل سماع  کی رونق کو دوبالا کیا اور سامعین کے قلوب کو حمدیہ، نعتیہ اور منقبت کلام سے منور و معطر کیا۔جبکہ اختتام محفل مقدسہ ختم خواجہ خواجگان،ملکی سالمیت اور سربلند اسلام کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور لنگر فریدی بھی کثیر مقدار میں تقسیم کیا گیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں