تیز رفتاری کے باعث حادثات میں کمی لانے بارے جائزہ اجلاس

بدھ 10 نومبر 2021 16:14

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2021ء) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ غفور کی زیرصدارت تیز رفتاری کے باعث حادثات میں کمی لانے بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی ایس پی عظمت کامران، انسپکٹر موٹروے پولیس رانا عرفان سمیت تمام ضلع بھر کے ٹرانسپورٹر حضرات نے شرکت کی،اجلاس میں گزشتہ روز ہونے والے حادثہ میں 3طالب علم کی شہادت پر تحقیقات اور آئندہ  حادثات کی روک تھام کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے اقصیٰ غفور نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک کے ہموار بہا ؤ اور روانی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں، ٹریفک پولیس آفیسرز خود فیلڈ میں نکل کر ٹریفک کنٹرول پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیں اور لاری اڈوں سے بسوں کی روانگی و آمد کا ٹائم نوٹ کریں، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اجلاس میں کہا کہ بہترین مینجمنٹ کے تحت ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ اوور اسپیڈنگ کے خاتمے کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ سپیشل مہم شروع کی جا رہی ہے،انہوں نے کہا ضلع بھر کی تمام شاہراہوں پر ضلعی ٹریفک پولیس کی ٹیمیں مل کر حادثات میں کمی کیلئے اقدامات جاری رکھیں اور شہریوں کی ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے ایجوکیشنل مہم کو جاری رکھاجائے، انہوں نے مزیدکہاکہ سڑکوں پر بیشتر حادثات ڈرائیورز کی لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آ رہے ہیں، ٹرانسپورٹر حضرات ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں