حکومت اقلیتوں کو ملک کے دیگر شہریوں کے برابر سمجھتی ہے،آشفہ ریاض فتیانہ

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:15

ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کو ملک کے دیگر شہریوں کے برابر سمجھتی ہے اور ان کو مساوی حقوق دلوانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے میں سبز کے ساتھ سفید رنگ اس بات کی علامت ہے کہ اقلیتیں اس ملک کا کس قدر لازمی حصہ ہیں۔

قیام پاکستان سے لے کر آج تک پاکستانی قوم نے ہمیشہ اقلیتوں کو ان کے جائز حقوق دیئے ہیں۔ وہ ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں مسیحی خواتین و حضرات میں کرسمس کے حوالے سے چیک دینے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر احمد خاور شہزاد نے کہا کہ دراصل یہ کوئی مالی امداد نہیں ہے بلکہ اپنے مسیحی بھائیوں کیلئے حکومت کی طر ف سے ایک گفٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ دس لاکھ 75ہزار روپے کی گرانٹ 215 افراد میں فی فرد 5 ہزار روپے تقسیم کی جا رہی ہے۔ جس میں بیوہ، معذور، بیمار اور یتیم افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رقم کراس چیک کے ذریعے نہایت شفاف طریقے سے تقسیم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سعید احمد سعیدی نے اپنے خطاب میں مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ممبر صوبائی اسمبلی بلال اصغر وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ گوجرہ کے وقت بھی ہم نے اپنے مسیحی بھائیوں کا ساتھ دیا تھا۔ اسکے بعد بھی ہم نے اقلیتوں کے حقوق کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد بابر سلیمان، اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ مصور احمد خان نیازی ، اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ شہریار خان، اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل جمیل حیدر شاہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرعطاء الرحمان خاں اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں