ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔ملکی ترقی کیلئے ہر پاکستانی کو ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا ، سابق سینیٹر ایم حمزہ

منگل 15 اکتوبر 2019 18:56

ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) ملکی ترقی و سلامتی اور بقاء کیلئے ہر پاکستانی کو اپنے ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا ،اور تمام ادارے آئین و قانون کی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض دیانتداری سے سرانجام دیں ،تاکہ ملک کو حقیقی ترقی کے راستے پر گامزن کیا جاسکے ،ان خیالات کا اظہار بزرگ سیاستدان سابق سینیٹر ایم حمزہ نے اپنی رہائش گاہ پر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر میاں منظور احمد ناز اور سابق ناظم چوہدری نیاز احمد کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ایم حمزہ نے کہا کہ پاکستان بڑی جانی و مالی قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ،ملک سلامت رہے گا تو عہدے اور کاروبار برقرار رہیں گے ،اس وقت بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے ،اور دو ماہ سے زائد عرصہ سے کرفیو لگا کر انہیں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا ہے ،اقوام عالم کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے ،ایم حمزہ نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو نظر انداز کررکھا ہے ،تمام پاکستانی قوم متحد ہوکر ملک وقوم کی ترقی و استحکام کیلئے کام کرے ،علاوہ ازیں ایم حمزہ نے بیرٹ ہاجسن فائونڈیشن کی طرف سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج ویونیورسٹی اور ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ڈاکٹر سلیم حبیب کی اس کاوش سے علاقہ میں جدید تعلیم کو فروغ ملے گا ،اور یہاں طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم میسر آسکے گی ،انہوں نے سابق ناظم چوہدری نیاز احمد کو تلقین کی کہ جتنی جلد ہوسکے اس رفاہی منصوبے کو تکمیل تک پہنچایا جائے ،تاکہ انسانیت کی خدمت ہوسکے ۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں