ٹوبہ ٹیک سنگھ، رہبر ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عثمان مصطفی کا خدمت خلق کارڈیک سنٹر کا دورہ کیا

پیر 17 فروری 2020 20:45

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) پاکستانی اور امریکی ڈاکٹرز کی تنظیم رہبر ٹرسٹ نے پاکستان بھر میں ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا اعلان کیا ہے، اس سلسلہ میں رہبر ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عثمان مصطفی اور صدر قاسم مصطفی نے چیئرمین (فیڈمک ) میاں کاشف اشفاق کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں چن ون فائونڈیشن کے اشتراک سے قائم خدمت خلق کارڈیک سنٹر کا دورہ کیا، اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر چوہدری محمد اشفاق اور رکن صوبائی اسمبلی سعید احمد سعیدی ،سٹی صدر پی ٹی آئی میاں محمد اکرم و دیگر بھی موجود تھے، ڈاکٹر عثمان مصطفی و دیگر نے کارڈیک سنٹر کا دورہ کیا، انہوں نے سنٹر میں قائم ہیپا ٹائٹس کلینک میں آنیوالے مستحق مریضوں کو ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی کے لئے 20 مریضوں کیلئے درکار فنڈز فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنٹر میں تعینات ڈاکٹرز کی تربیت سمیت انہیں امریکہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گے اور سال میں ایک مرتبہ اس سنٹر کا دورہ کر کے مریضوں کے مفت آپریشن بھی کیاکریں گے، ڈاکٹر عثمان نے کہا کہ اگر حکومت فری میڈیسن پراجیکٹ کیلئے ادویات کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کر دے تو وہ پاکستانی مریضوں کو عالمی معیار کی امریکی ادویات مفت فراہم کر سکتے ہیں، اس موقع پر چوہدری محمد اشفاق اور میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وہ رہبر ٹرسٹ کے ساتھ مل کر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مزید اقدامات کریں گے، انہوں نے کہا کہ وہ رفاعی مقاصد کیلئے درآمد کی جانے والی ادویات پر ڈیوٹی ختم کروانے کیلئے بھی وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے بات چیت کریں گے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں