ٹوبہ ٹیک سنگھ، تیز رفتار مسافر بس اوورٹیک کے دوران کار کو کچلنے کے بعد الٹ گئی

کار میں سوارمیاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق ،متعدد مسافر شدید زخمی

منگل 16 نومبر 2021 00:07

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2021ء) انتہائی تیز رفتار مسافر بس اوورٹیک کے دوران کار کو کچلنے کے بعد الٹ گئی ،کار میں سوارمیاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق ،متعدد مسافر شدید زخمی ہوگئے ،ٹوبہ جھنگ روڈ پر چک نمبر 389ج ب کے قریب مسافر بس نمبری بی کیو وی 495 تیز رفتاری کے ساتھ اوورٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والی مہران کار نمبری ایف ڈی کیو 7303 کے ساتھ ٹکرانے کے بعد الٹ گئی ،جس کے نتیجہ میں کار میں سوار خاتون حمیرا طیبہ زوجہ نوید احمد ،نوید احمد اور کار ڈرائیور محمد شاہد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ،جبکہ بس میں سوار19 مسافر بھی شدید زخمی ہوگئے ،اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر عمر جاوید فوری موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیتے رہے ،حادثہ کے باعث کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی،پولیس اور ریسکیو 1122 ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائی کرکے کار کی باڈی کو کاٹ کر جاںبحق افراد کی نعشیں باہر نکالیں ،اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا ، جاں بحق ہونے والوں کا تعلق تحصیل احمد پور ضلع جھنگ سے تھا ،جبکہ ڈپٹی کمشنر عمر جاوید نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور حادثہ کی تحقیقات کروائی جائیں،جبکہ پولیس نے حادثہ کا شکار ہونے والی مسافر بس اور کار کو اپنی تحویل میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی ،اور جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں