سانحہ سیالکوٹ پر دل جلا ہوا ہے ، مولانا طاہر محمود اشرفی

دین اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ پیار محبت اور اعلیٰ کردار سے دنیا میں پھیلا ،یہی قرآن و سنت کی تعلیمات ہیں کہ سختی نہیں نرمی کرو ،سری لنکا سے پاکستان میں نوکری کیلئے آئے ایک غیر مسلم کے ساتھ سیالکوٹ میں ہم نے کیا ظلم کردیا ،جس پر پوری قوم کے سر ندامت سے جھکے ہوئے ہیں چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 10 دسمبر 2021 23:29

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2021ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ پر دل جلا ہوا ہے ،دین اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ پیار محبت اور اعلیٰ کردار سے دنیا میں پھیلا ،یہی قرآن و سنت کی تعلیمات ہیں کہ سختی نہیں نرمی کرو ،سری لنکا سے پاکستان میں نوکری کیلئے آئے ایک غیر مسلم کے ساتھ سیالکوٹ میں ہم نے کیا ظلم کردیا ،جس پر پوری قوم کے سر ندامت سے جھکے ہوئے ہیں ،کورونا لاک ڈائون کے دوران سری لنکن حکومت نے کورونا سے وفات پانے والوں کی میتیں آگ سے جلانے کا قانون بنایا ،مگر ہماری درخواست پر انہوں نے سری لنکا میں مقیم کورونا سے وفات پانے والے مسلمانوں کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا ،کسی مسلمان کو قادیانی قرار دینا اتنا ہی سخت گناہ اور جرم ہے جتنا کسی قادیانی کو مسلمان قرار دینا ،آج ہم نے اپنی مہریں بنائی ہوئی ہیں ،جس پر دل چاہا توہین مذہب ،توہین اسلام کی مہر لگا دی اور اسے درندگی کا نشانہ بنا ڈالا ،سری لنکن شہری کی ہلاکت کے بعد پاکستان بھر کے علمائے کرام نے سری لنکن ہائی کمشنر سے معافی مانگی ہم بھی معافی مانگتے ہیں ،ہم ہلاک ہونے والے سری لنکن کے اہل خانہ سے شرمندہ ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر 335گ ب میں ختم نبوت کانفرنس و جلسہ دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مولانا طاہر الحسن ، ضلعی صدر مولانا سعد اللہ لدھیانوی ،ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا محمد وقاص سمیت دیگر عہدیدار اور کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ،مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج معاشرے میں بگاڑ کی بڑی وجہ دین اسلام کی تعلیمات سے دوری اوروالدین کی نافرمانی ہے ،اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا فضل وکرم ہے کہ اس نے ہمیں امت محمدیہ میں پیدا کیا ،جس کا ہم ساری زندگی سجدہ میں پڑے رہیں تو اسکا شکر اور حق ادا نہیں کرسکتے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا عقیدہ پختہ کرنے کی ضرورت ہے کہ زندگی موت ،اولاد ،رزق ،عزت و ذلت سب کچھ عطاء کرنے والی اللہ تعالیٰ کی ذات مبارک ہے ،نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ رحمت المسلمین نہیں بلکہ رحمت اللعالمین بن کر تشریف لائے ،وہ قیامت تک آنے والے انسانوں کیلئے سرچشمہ رشد وہدایت ہیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments