ٹوبہ ٹیک سنگھ ، تاریخ پیشی پر کچہری آئے ہوئے ملزم کو پولیس حراست کے دوران مخالفین نے قتل کردیا

پیر 13 دسمبر 2021 23:35

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2021ء) تاریخ پیشی پر کچہری آئے ہوئے ملزم کو پولیس حراست کے دوران مخالفین نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ، پیر محل پولیس موضع کوہل خورد (پیر محل) کے رہائشی ملزم عبدالرزاق ولد طوطے خاں گادھی کو پیر محل کچہری میں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے جارہی تھی کہ احاطہ کچہری میں دو ملزمان نے فائرنگ کردی ،جس کے نتیجہ میں ملزم عبدالرزاق شدید زخمی ہوگیا ،جسے فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا ،مگر وہ جانبر نہ ہوسکا ،اور جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے فائرنگ کرکے عبدالرزاق کو قتل کرنے والے دونوں ملزمان نعمان اور احسان سکنہ 188گ ب کو گرفتار کرکے کارروائی شروع کردی ہے ،پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے مابین دیرینہ دشمنی ہے ،جبکہ پیر محل بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد جمیل وینس ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری میاں صہیب منیر رامے ایڈووکیٹ نے تحصیل کچہری پیر محل میں پیش آنے والے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیا ہے ،اور کہا ہے کہ پیر محل بار نے متعدد بار سیکورٹی اداروں کو احاطہ کچہری کی ابتر سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا مگر اداروں کی طرف سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ،انہوں نے کہا کہ جب تک احاطہ کچہری میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی نہیں بنایا جاتا پیر محل بار ایسوسی ایشن مکمل ہڑتال کا اعلان کرتی ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں