محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے جاری ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا،کمشنر فیصل آباد ڈویژن

ہفتہ 6 اگست 2022 21:26

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) کمشنر فیصل آباد ڈویژن زاہد حسین اور ریجنل پولیس آفیسر معین مسعود نے کہا ہےکہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی معمولی خلاف ورزی بھی نظر انداز نہیں کی جائے گی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورہ کے دوران کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر زاہد سہیل،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا شعیب محمود بھی موجود تھے۔کمشنر زاہد حسین اور آر پی او معین مسعود نے کنٹرول روم اور مرکزی ماتمی جلوس روٹس کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 133 سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی مانٹیرنگ کی جائے گی،تمام جلوسوں اور امام بارگاہوں میں سکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں کی مرمت، تجاوزات کا خاتمہ اور درختوں کی تراشی بھی مکمل کی جا چکی ہے، سڑکوں میں موجود گٹروں کے مین ہولز کو ڈھکن، پی ٹی سی ایل، بجلی اور کیبل کی تاروں کو اونچا اور مجالس کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور امن کو امان کو یقینی بنانے کے لئے سو فیصد انتظامات مکمل ہیں، ڈویژنل کمشنر زاہد حسین نے کہا کہ ڈویژن بھر میں مثالی بین المذاہب ومسالک ہم آہنگی موجود ہے، ڈویژن کے تمام اداروں کے مابین بہترین باہمی روابط کی موجودگی خوش آئند بات ہے،آر پی او ڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر موقع پر اپنی دینی و قومی خدمات سر انجام دیں جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سازگار ماحول کے لئے امن و انصاف کو ساتھ لیکر چلیں گے، ضابطہ اخلاق اور اوقات کار کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں