منیجر ایڈوائزر ٹوسٹار شوگر ملز کمالیہ سے پریس کلب کمالیہ کے وفد نے ملاقات

بدھ 22 مارچ 2023 23:15

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2023ء) منیجر ایڈوائزر ٹوسٹار شوگر ملز کمالیہ کرنل (ر) محمد ریاض سے پریس کلب کمالیہ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مینیجر ایڈوائزر ٹو سٹار شوگر ملز کمالیہ کرنل (ر) محمد ریاض کا کہنا تھا کہ کمالیہ میں میڈیا نمائندگان علاقہ کی عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایسے لوگ علاقہ کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ مجھے پریس کلب کمالیہ کے اراکین کا کام دیکھ دلی طور پر مسرت ہوتی ہے۔ تمام لوگ صحیح معنوں میں صحافت کا حق ادا کر رہے ہیں اور عوام کو صحافت کے اصل معنوں سے روشناس کروا رہے ہیں۔ نہ صرف عوام کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ان کی آواز کو اقتدار کے ایوانوں تک بھی پہنچاتے ہیں جہاں عوام کے مسائل کوحل کرنے کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمالیہ کی عوام کی خوش بختی ہے کہ پریس کلب کمالیہ کے اراکین ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرد صحافت کرنے والوں کے خلاف پریس کلب کمالیہ ہمیشہ پیش پیش نظر آیا ہے اور اس کے لئے انہوں نے انتظامیہ کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کیا ہے جو کہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ یہ لوگ عوام کو چند شر پسند عناصر کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونے دیتے بلکہ عوام سے پہلے ان کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے حق اور سچ کا ساتھ دیتے ہیں۔ وفد میں صدر پریس کلب کمالیہ محمد امجد رانا، صدر الیکٹرانک میڈیا کمالیہ محمد امجد سعید، چوہدری محمد آصف رحمانی، ملک عمر فاروق سلطانی، صدر انجمن تحفظ حقوق شہریاں رانا مظفر علی فاروقی و دیگر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں