تربت بم دھماکہ واقعہ کے خلاف انجمن تاجران کیچ کا آج جمعہ کے روز صبح 6 سے لیکر 10 تک 4گھنٹے کیلئے بازار میں شٹرڈاون کرنے کا اعلان

جمعرات 23 جولائی 2020 22:50

6تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2020ء) تربت بم دھماکہ واقعہ کے خلاف انجمن تاجران کیچ کا آج جمعہ کے روز صبح 6 سے لیکر 10 تک 4گھنٹے کیلئے تربت بازار میں شٹرڈاون کرنے کا اعلان،ہڑتال کے اختتام پرفدا شہید چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا،دکانداروں،آل پارٹیز،سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں سے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے،شٹرڈاون اور مظاہرے کا اعلان انجمن تاجران کیچ کے صدر اسحاق روشن دشتی اور سیکریٹری جنرل غلام اعظم دشتی نے پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر حاجی کریم بخش،نائب صدر جمال مری،جوائنٹ سکریٹری نثار آدم جوسکی،پریس سکریٹری اعجاز علی محمد ،یوسف بلوچ،اور مارکیٹ صدر حاجی عبدالرحمن موجود تھے، انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران کیچ تربت واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس بات پر تشویش کا اظہار کرتا ہے کہ تربت اس وقت بلوچستان کا دوسرا بڑا شہر ہونے کے باوجود فائر بریگیڈ کا نظام موجود نہیں ہے،اورکوئی تربیت یافتہ ملازم نہیں ہے، جس کی وجہ سے ایک غریب دکاندار کا دوکان جل کر خاکستر ہوگیا انھوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر تربت میں فائر بریگیڈ کے شعبے کوفعال بناکر انکے عملے کو پروفیشنل تربیت دی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جاسکے انھوں نے کہا کہ تربت میں کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ہے جس سے تاجر برادری کے ساتھ ساتھ عام شہری ذہنی دباو کا شکار ہے انتظامیہ سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر شرپسند عناصر کے خلاف میسر کارروائی کرکے انھیں کیفر کردار تک پہنچائیں انھوں نے کہا کہ متاثر ہونے والے دکاندار کے نقصانات کی تلافی کسی صورت ممکن نہیں ہے لیکن انجمن تاجران کیچ متاثرہ دکاندار کی ہنگامی طور پر امدادکیلئے 2 لاکھ روپے نقد اعلان کرتا ہے اسکے علاوہ انجمن تاجران تربت کے تمام بڑے تاجران برادری سے چندہ اکھٹا کرکے مزکورہ متاثر ہونے والے دکاندار کی مدد کرے گا،انھوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرہ دکاندار کو فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے اس واقعہ میں مزکورہ دکاندار کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جسکا ازالہ کرنا ناگزیر ہے انھوں نے کہا کہ تربت شہر میں امن وامان کیلئے سیف سٹی پروجیکٹ کیلئے 50 کروڑ روپے کا اعلان ہوا ہے لیکن اس پر ابھی تک کام نہیں ہوا ہے امن وامان کی بحالی کیلئے اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا جائے اورسیکورٹی پلان تشکیل دیکر تربت کے دکانداروں اورشہریوں کی جان ومال کی تحفظ یقینی بنائی جائے۔

تربت میں شائع ہونے والی مزید خبریں