پارٹی رہنما اور کارکن سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سے پارٹی پروگرام کوتیزی سے پھیلاسکتے ہیں، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

ہفتہ 12 جنوری 2019 23:13

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) پارٹی رہنما اور کارکن سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سے پارٹی پروگرام کوتیزی سے پھیلاسکتے ہیں ان خیالات کااظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے تربت میں نیشنل پارٹی کیچ کی طرف سے منعقدہ 2روزہ سوشل میڈیا کانفرنس کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کیا ، کانفرنس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی، قاضی غلام رسول بلوچ، محمدجان دشتی، پھلین بلوچ ، انجینئر حمید اور دیگررہنمائوں اورکارکنوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ سوشل میڈیا کانفرنس منعقدہ کرنے کامقصدیہ ہے کہ آج کے اس جدید دورکے تقاضوں کو سمجھاجائے اور سوشل میڈیاکے ذریعے پارٹی کے منشور اورسرگرمیوں کوتیزی کے ساتھ عوام تک پہنچایا جائے اور عوامی مسائل کوجدید ذرائع سے حکمرانوں تک پہنچاکر ان کے حل کیلئے لائحہ عمل مرتب کیاجائے انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے اب یہ ممکن ہواہے کہ ان خبروںتک بھی عوام کورسائی حاصل ہوجنہیں اس سے پہلے حکمران اپنے مفادات کے خلاف قرار دے کر دبادیاکرتے تھے ، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی جمہوریت کیلئے جدوجہدکرنے والی جماعت ہے اورہم ہردورمیں عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، مزدوروں، کسانوں ،مظلوم قومیتوں اور دیگر کمزورطبقات کے حقوق کے حصول کیلئے ہم نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی نے کہاکہ ہم پوری طرح پرامیدہے کہ ہماری جماعت کے کارکن سوشل میڈیا کے استعمال میں مہارت حاصل کرکے اس کے مثبت استعمال سے نہ صرف اپنی جماعت کے پیغام کو ہرجگہ پہنچائیںگے بلکہ وہ اس میڈیا کے ذریعے مظلوم لوگوں کی آوازبنیں گے ، جان محمدبلیدی نے کہاکہ آج کی دنیامیں اس بات کی اشدضرورت ہے کہ ہم پارٹی سرگرمیوں کو اطلاعات کے اس تیزترین نظام کے ذریعے گھرگھر پہنچائیں اورپارٹی کوگلی محلوں کی سطح تک منظم کرکے عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہدکوتیز کریں ، کانفرنس کے شرکاء کوسوشل میڈیا سے متعلق ماہرین ولید بزنجو اور فداجان بلیدی نے نہایت مہارت کے ساتھ سوشل میڈیا کے استعمال ، فیس بک، ٹویٹر، ویب سائٹ اور دیگر کے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ آج کی دنیا گوگل کی دنیاہے اور انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا سمٹ کر ایک گائوں کی شکل اختیارکرگئی ہے آج آپ پلک جھپکتے اپنا پیغام اور اپنی سرگرمیوں کودنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک پہنچاسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ آج ہرشعبے میں کامیابی کیلئے مذکورہ بالا شعبے میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہوگیاہے آپ کو اپنی حریف جماعتوں سے مقابلے اور اپنے حمایتیوں سے رابطے کیلئے سوشل میڈیا کوبطور ہتھیار استعمال کرنا ہوگا انہوں نے کہاکہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں اوباما اور ٹرمپ کی کامیابی سوشل میڈیا کی مرہون منت ہے، سوشل میڈیا کانفرنس اتوار کے روزبھی جاری رہے گا۔

تربت میں شائع ہونے والی مزید خبریں