تربت، ،سرحدی کاروباری کی بندش سے صرف ضلع کیچ کے لاکھوں افراد بے روزگارہوکرنان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں،عہدیداران بارڈرٹریڈیونین

ہفتہ 10 جولائی 2021 00:11

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2021ء) بارڈرٹریڈیونین کے نومنتخب آرگنائزرحافظ ناصرالدین زامرانی اورڈپٹی آرگنائزرگلزاردوست بلوچ نے کہاکہ بارڈرٹریڈہماری مرگ وزیست کا مسئلہ ہے،سرحدی کاروباری کی بندش سے صرف ضلع کیچ کے لاکھوں افراد بے روزگارہوکرنان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں،گاڑیوں کی ٹوکن سسٹم بھی ہرگزقبول نہیں،ہزاروں کاروباری گاڑیاں کئی دنوں سے بارڈرپر کھڑی ہیں،ڈرائیورمشکلات کا شکارہیں ،اسلئے فوری طورپر کراسنگ پوائنٹس بڑھادیئے جائیںتاکہ بارڈرپر رش اورجم گھٹاکم ہوسکے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے تربت میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ ضلع کیچ تربت میںکاروباری مراکز نہ ہونے کے برابرہیں جبکہ فیکٹریاں اورکمپنیاں نہیں ہیں ،بے روزگاری عام ہے ،ماسٹراورایم فل کے اسٹوڈنٹس بھی بے روزگاری کے عالم میں پریشان ہیں ،ان گھمبیرمعاشی حالات میں پاک ایران بارڈرسے خوردنوش اورایندھن کا کاروبارزندہ رہنے کیلئے اہم ذریعہ رہاہے، ضلع کیچ کے زمینی حالات سے بے خبر اسلام آبادکے حکمران اسلام آباد کے ایئرکنڈیشن دفاترمیں بغیرتحقیق وبغیرسروے بارڈربند کرنے کا احکامات صادرکرتے ہیں ایسے فیصلوں کو ہم سرحدی لوگ ہر گزنہیں مانتے ہیں ،کیونکہ بارڈرکاروباری ہماری موت وحیات کامسئلہ ہے،انہوںنے کہاکہ ضلع کیچ کے بے روزگارافراد نے اپنے اوراپنے بچوں کی بہترتعلیم وخوشحال مستقل کا خواب دیکھ کر ادھارمیں گاڑیاں خرید کر تیل کا کاروبارشروع کردیاہے،لیکن نت نئے حیلے بہانوں سے بارڈربند کردیا گیا ہے،یونین کا مطالبہ ہے کہ سرحدی تجارت کو قانونی شکل دیا جائے اورجالگی سمیت دیگر مقامات پر کراسنگ پوائنٹ کھولا جائے ، انہوں نے کہاکہ جالگی تادربلی ، ضلع کیچ کے علاقے ہیں لیکن سیکورٹی انتظامیہ امورکے تحت یہ علاقے پنجگورکرنل کے ماتحت ہیں ،جس سے تیل کے کاروبارکرنے والی گاڑیوںکے مالکان وڈرائیورکو پنجگورجاناپڑتاہے جو لمباصفراورمشکل عمل ہے اسلئے زامران کے علاقے جالگی تادربُلی کو ایف سی بلیدہ یا تربت کمانڈنٹ کے ماتحت میں دیاجائے تاکہ سرحدی کاروبارافرادکیلئے سہولت ہو ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کنونیئرگلزاردوست بلوچ نے کہاکہ سابقہ کابینہ کے چند عہدیداروں کی ذاتی مصروفیات کے باعث بارڈرٹریڈیونین کے ذمہ داران کی متفقہ فیصلے کے تحت بارڈرٹریڈیونین کی کابینہ ختم کرکے نئی آرگنائزنگ باڈی تشکیل گئی ہے ،اتفاق رائے سے حافظ ناصرالدین زامرانی آرگنائزر،گلزاردوست ڈپٹی آرگنائزر جبکہ پانچ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کفایت اللہ بلوچ،علی بخش دشتی،چیف عبداللطیف،صادق فتح زامرانی اورمیر وارث رند منتخب ہوئے ہیں،انہوں نے مزید کہاکہ آرگنائزنگ باڈی رابطہ مہم شروع کرکے یونین کو فعال کرینگے پھر کونسل سیشن کاا نعقاد کرکے نئی کابینہ کے انتخابات منعقد کیاجائیگا۔

تربت میں شائع ہونے والی مزید خبریں