اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے جو پانامہ سے چل کر یہاں آئی، آصف علی زرداری

میاں صاحب نے خود پاکستان کو مسائل میں پھنسایا ہے ،جعلی خان بھی ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتے،نئے پاکستان کی بات کرنے والوں کو یہ پتہ نہیں کہ ملک کیسے بنتا ہے،کارکنوں سے خطاب

اتوار 10 دسمبر 2017 22:00

اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے جو پانامہ سے چل کر یہاں آئی، آصف علی زرداری
عمرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2017ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے جو پانامہ سے چل کر یہاں آئی،میاں صاحب نے خود پاکستان کو مسائل میں پھنسایا ہے ،جعلی خان بھی ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتے،نئے پاکستان کی بات کرنے والوں کو یہ پتہ نہیں کہ ملک کیسے بنتا ہے۔عمر کوٹ میں جلسے کے دورا کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے میاں نوازشریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی یہ بات کرتے ہیں اور بڑا کریڈٹ لیتے ہیں،جس کا ان کو بڑا مان ہے،پیپلزپارٹی کی جانب سے گ وادر پورٹ کو ترقی دینے سے پہلے کسی کو خیال نہیں تھا لیکن جب ہم نے بنایا تو ہر کوئی کہتا ہے کہ یہ گیم چینجر ہے،لیکن جو پلانٹ ایک روپے میں لگ سکتا تھا انہوں نے دس روپے میں لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ انسانیت کی خدمت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید بے نظیر بھٹو کی فلاسفی تھی جس پر پیپلزپارٹی اب بھی کاربند ہے،ہماری حکومت کے پہلے سال ملک میں گندم نہیں تھی لیکن دوسرے سال اتنی گندم ہوئی کہ اب بھی گودام بھرے پڑے ہیں۔عمرکوٹ کے لوگوں سے وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کام کرنا چاہتے ہیں،پانی اور سڑکیں سب کچھ دیں گے لیکن آہستہ آہستہ تاہم ایک بات اٹل ہے کہ ہم جب بات کرتے ہیں تو پیچھے نہیں ہٹتے ۔

قبل ازیں آصف علی زرداری نے ایک ولیمہ کی تقریب میں شرکت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی دھرتی سے بہت پیار کرتا ہوں اس لیے بیٹی کا نام بھی بختاور رکھا ہے پیپلزپارٹی شہیدوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو جب جئے بھٹو کا نعرہ سنتی تھی تو پہلے غمگین ہوتی اور پھر خوش ہوجاتی تھی اگر آج ہم زندہ ہیں تو بی بی کا نعرہ لگارہے ہیں خوشی کا موقع ہے لیکن ہر موقع پر شہیدوں کی قربانیاں یاد رہتی ہیں

عمرکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں