پی ٹی آئی میں کوئی ترین گروپ نہیں صرف عمران خان گروپ ہے،شاہ محمود قریشی

اپوزیشن کی عدم اعتماد کے غبارے سے ہوا نکل چکی ،ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے بلاول گھبرا گیا، سندھ کے عوام تیر کو توڑیں، ارمانوں کو جوڑیں،پیپلزپارٹی سے نوٹ اور پی ٹی آئی کو ووٹ بری آفر نہیں ہے۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی اور وزیرخارجہ کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 مارچ 2022 19:14

پی ٹی آئی میں کوئی ترین گروپ نہیں صرف عمران خان گروپ ہے،شاہ محمود قریشی
عمر کوٹ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی ترین گروپ نہیں صرف عمران خان گروپ ہے، اپوزیشن کی عدم اعتماد کے غبارے سے ہوا نکل چکی ، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے بلاول ابھی سے گھبرا گیا، سندھ کے عوام تیر کو توڑیں، ارمانوں کو جوڑیں، پیپلزپارٹی سے نوٹ اور پی ٹی آئی کو ووٹ بری آفر نہیں ہے۔

انہوں نے عمر کوٹ میں سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو تقریر کرتا ہے تو پیچھے سے آواز آتی ہے کہ گھبرانا نہیں، لگتا بچہ گھبرا گیا انہیں تو پکی پکائی ملی ہے، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے گھبرانا نہیں، آصف زرداری کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں، اپوزیشن کی عدم اعتماد کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس رکن نے تحریک انصاف کو چھوڑنا ہے آج چھوڑ دے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کے عوام کا خیال نہیں رکھا، سندھ کے عوام تیر کو توڑیں، ارمانوں کو جوڑیں، پیپلزپارٹی سے نوٹ اور پی ٹی آئی کو ووٹ بری آفر نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے افسوس ہوا کہ کل کنڈیاری میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے میرے قافلے کو روکنے کی کوشش کی اور وہاں تصدم کی فضا پیدا کی، میچور سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتی ہیں، بے نظیر کی عادت ایسی نہیں تھی، ہوسکتا ہے کہ نئی پیپلز پارٹی جو زرداری لیگ ہے اس کا شیوا ضرور ہوسکتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی پی نے سندھ اور کراچی کا وار زون بنا دیا ہے، خیرپور میں پرسوں 9 قتل ہوئے تھے۔ جی تھری لے کر لوگ گھوم رہے تھے۔ پولیس کے سامنے، نوابشاہ میں لاشیں پڑی ہوتی ہیں تو یہ جنازے پڑھنے نہیں جاتے۔میری کوشش ہوگی عمر کوٹ کو بھی صحت کارڈ مل جائے، سندھ حکومت نے کسی بھی ضلع کو صحت کارڈ دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔

عمرکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں