مرچ منڈی کنری میں سرخ مرچوں کے نرخوں میں اضافہ ہو گیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 22:54

عمرکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) ایشیا کی سب سے بڑی مرچ منڈی کنری میں سرخ مرچوں کے نرخوں میں اضافہ ہو گیامنڈی میں روزانہ ہزاروں بوریوں کی آمد ہو رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کی بڑی مرچ منڈی کنری میں سرخ مرچوں کے بھرپور سیزن کا آغاز ہو چکا ہے مرچ منڈی میں روزانہ چار سے پانچ ہزار بوری مرچ کی آمد ہو رہی ہے منڈی میں مرچوں کے نرخوں میں ایک ہزار سے 15 سو روپے فی چایس کلو گرام اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ہائیبرڈ مرچ دس ہزار سے 11 ہزار روپے جبکہ ڈنڈی کٹ لونگی مرچ دس ہزار سے ساڑھے 11 ہزار روپے فی چالیس کلو گرام کے نرخ پر فروخت ہوئی مرچوں کے نرخوں میں اضافے پر کاشتکاروں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں , مختلف وائرس اور امراض سے مرچ کی فصل کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے مرچ کے نرخ مستحکم ہونے سے ان کو کچھ تو سہارا ملا ہے کیونکہ کپاس کی فصل علاقے میں بالکل تباہ ہو چکی ہے کاشتکاروں نے دو ماہ قبل ہی ہزاروں ایکڑ رقبے پر کاشت کی جانے والی کپاس کی فصل تلف کر دی تھی،جس کے نتیجے میں کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

رابطہ کرنے پر مرچ منڈی کے بیوپاری عبدالرؤف جٹ نے بتایا کہ نرخوں میں اضافہ کاشتکاروں کیلئے خوش آئند بات ہے مرچ منڈی میں پنجاب کے بیوپاری خریداری کیلئے پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیار کھڑی فصل پر بارش پڑنے سے مرچ کی کوالٹی کو نقصان ضرور پہنچا ہے لیکن اس کے باوجود نرخ مستحکم ہیں جبکہ مرچ خشک ہونے کے بجائے اس میں کافی نمی ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ ماہ نومبر میں مرچ منڈی کنری میں مرچ کی آمد میں حوصلہ افزاء اضافہ ہو گا جبکہ سیزن آئندہ سال کے ماہ مارچ تک جاری رہے گا اس کی بڑی وجہ مرچ کے پودے کا دوبارہ پھل اٹھانا ہے جس پر کاشتکار بھی کافی توجہ دے رہا ہے امراض کے باجود مرچ کی پیداوار اچھی ہوئی ہے کاشتکار کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے مرچ کو زرعی اصولوں کے مطابق اچھی طرح خشک کر کے اعلی کوالٹی کی مرچ منڈی میں لانا شرط ہے۔

متعلقہ عنوان :

عمرکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں