وہاڑی،حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوںمیں ادویات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے،ڈپٹی کمشنر

منگل 15 جنوری 2019 00:05

وہاڑی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر وہاڑی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوںمیں ادویات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے، سرکاری ہسپتالوں کے ماحول کو بہترین بنایا جارہا ہے تاکہ غریب اور نادار لوگ زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی کے دورہ کے دوران کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی منور حسین،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد ارشداورایم ایس ڈاکٹر محمد فاضل بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال میںآنے والے مریضوں سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور ان کی ہر ممکن طریقے سے مدد کرنے کی کوشش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر ایمرجنسی وارڈ،سرجیکل وارڈاور ڈائیلسز وارڈ کا وزٹ بھی کیااورمریضوں کی تیمارداری کی اور ہسپتال سے ملنے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ وہاڑی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلسزکے مریضوں کے لئے تمام ادویات کو ہسپتال میں یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی مریض کو ادویات باہر سے خریدنے کے لئے نہ جانا پڑے۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ادویات باہر سے منگوانے کی شکایات پر مختلف ڈاکٹرز کو شوکاز جاری کرنے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دیا۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں